بھٹکل میں کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیراہتمام تعلیمی ایوارڈ کا خوبصورت پروگرام ؛ کنڑا سیکھنے اور کنڑا اکیڈمی قائم کرنے مقررین نے دیا زور

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 23rd February 2019, 2:49 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 23 / فروری (ایس او نیوز) کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام خلیفہ محلہ کے ہونہار طلبہ و طالبات سمیت علاقہ کے سرگرم نوجوانوں اور اسپورٹس میں نمایاں پرفارمینس پیش کرنے والے کھلاڑیوں کی تہنیت کے لئے جمعہ بعد نماز عشا ایک خوبصورت پروگرام  منعقد کیا گیا  جس  میں مقررین نے طلبا کے ساتھ ساتھ حاضرین پر  ریاستی زبان کنڑا کی اہمیت اور اس کے سیکھنے پر پورا زور دیا اور کوسموس والوں کو مشورہ دیا کہ آج جس طرح ہونہار بچوں کی تہنیت کے لئے پروگرام منعقد کیا گیا ہے، آئندہ کبھی کنڑا کو فروغ دینے کے لئے کنڑا میں کوئیز اور کنڑا زبان میں تقریری و تحریری مقابلہ بھی منعقد کرے اور بھٹکل کے عوام میں کنڑا زبان کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے اس کے سیکھنے کی طرف کوسموس اسپورٹس سینٹر اپنی طرف سے پہل کریں۔

مہمان خصوصی کے طور پر اُڈپی سے تشریف فرما جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور کے بانی و ناظم مولانا عُبیداللہ کنڈلوری نے اپنے مخصوص انداز میں خطاب کرتے ہوئے بھٹکل کے عوام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ یہاں کے لوگ عرب ممالک میں جاکر فصیح عربی سیکھ جاتے ہیں، کیرالہ ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش وغیرہ جاتے ہیں تو کچھ ہی مہینوں میں وہاں کی زبان سیکھ جاتے ہیں ، مگر تعجب اس بات پر ہوتا ہے کہ کرناٹک میں رہ کر اپنے علاقہ کی زبان سیکھنے کی طرف توجہ نہیں دیتے۔ مولانا نے کہا کہ جب تک اپنے علاقہ کی زبان معلوم نہیں ہوگی ، برادران وطن تک اسلام کی دعوت نہیں پہنچ سکے گی۔ مولانا نے بھٹکل کے مسلمانوں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے حالات سے ہرکوئی واقف ہے، کل کس طرح کے حالات ہوں گے، اُس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اسلام کا تعارف اور برادران وطن کے اندر پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم مقامی زبان سیکھ کر ہی اپنا پیغام بہتر انداز میں اُن تک پہنچائیں۔اس تعلق سے مولانا نے بھٹکل کے مسلمانوں کو آواز دی کہ آپ بھٹکل میں کنڑا ساہتیہ کیندرا کی بنیاد ڈالیں اور کنڑا زبان سیکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے بھی تعاون حاصل کریں۔مولانا نے کہا کہ ہمیں دوسروں کے راز جاننے کے لئے بھی دوسروں کی زبان پر عبور حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔

مولانا نے دینی اور عصری تعلیم کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قران میں سائنس کے سلسلے میں فرمایا ہے کہ افلا تبصرون، افلا تتفکرون، افلا تدبرون۔ اللہ تعالیٰ جو خالق کائنات ہے، جس نے دنیا کو وجود میں لایا، قران میں کہتا ہے کہ آسمان، زمین، چاند ، ستارے، سورج اور وہ سبھی چیزیں جو انسان کی ضروریات کے لئے اللہ نے بنائی، اُس پر غور کرے، مولانا نے بتایا کہ اللہ نے وفی انفسکم کے ذریعے میڈیکل سائنس کا بھی تذکرہ قران میں فرمایا، لہٰذا ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہمارے بدن کے ہر اعضا اور بوڈی پارٹس پر غور و فکر اور تدبر کرے اور ان سب کی تعلیم حاصل کرے، لیکن تعلیم حاصل کرنے کے دوران اس بات کو یادرکھنا ضروری ہے کہ ہم سب سے پہلے مسلمان ہیں۔

مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے بھی مولانا عُبیداللہ ندوی کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ کیوں بھٹکل کے مسلمان کنڑا زبان سیکھنے کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں، انہوں نے بالخصوص نوجوانوں اور شہر کے تمام اسپورٹس سینٹروں کے ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کنڑا زبان کو سیکھنے اور اُس پر عبور حاصل کرنے شارٹ کورسس کا اہتمام کریں اور کنڑاسیکھنے کی طرف پورا زور لگائیں۔

علاقہ کے سرگرم نوجوان حافظ  تیمور گوائی ندوی جنہوں نے نہ صرف عالمیت اور فضیلت کی ڈگری حاصل کی، بلکہ حافظ قران کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کی بھی ڈگری لیتے ہوئے وکالت کا سند حاصل کیا، کوسموس اسپورٹس سینٹر کی جانب سے ان کی بھرپور ہمت آفزائی اور تہنیت کی گئی۔ اسی طرح علاقہ کے نابینا حافظ قران انیس کی بھی تہنیت کی گئی۔

اُردو تقریر میں ریاستی سطح پر دوم انعام حاصل کرنے والے اور ضلعی سطح پر اول انعام حاصل کرنے والے خُبیب اکرمی ابن مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، جنہوں نے اس سال انجمن کا سب سے باوقار تعلیمی گولڈ میڈل ایوارڈ وقار اسلامیہ بھی حاصل کیا تھا،کی بھی تہنیت کی گئی ۔ ان کے ساتھ ساتھ دیگر بہت سارے ہونہار طلبہ و طالبات کی تہنیت کرتے ہوئے کئی ایک کو گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔

حافظ انیس کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کاآغاز ہوا تھا، حافظ خضر ابن محسن حاجی فقیہ نے نعت پاک پیش کی، مولوی یاسین نائطے ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے، پروگرام کے کنوینر جناب اسماعیل چڑو باپا شابندری نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا، مولانا ارشاد نائطے ندوی نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دئے، کوسموس کے جوائنٹ سکریٹری مولوی اسماعیل انجم گنگاولی نے کوسموس کی رپورٹ پیش کی، محمد ثقیف جوشیدی نے کوسموس کا ترانہ پڑھ کر سنایا، گولڈ میڈل و تشجیعی انعامات کے ناموں کا اعلان طالوت معلم نے کیا،کوسموس (امارات ) کے جنرل سکریٹری شمس تبریز گوائی نے کلمہ تشکر پیش کیا ، کوسموس کے صدر عبدالعظیم ڈی ایف نے صدارت کی اور آخر میں مولوی حافظ حبیب الرحمن اکرمی کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل، کوسموس کے جنرل سکریٹری معروف صدیقہ، کوسموس (امارات) کے صدر ایوب جوباپو، بھٹکل میونسپل کونسل کے نائب صدر محمد اشفاق کے ایم، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے صدر جناب محمد جعفر محتشم، کوسموس (سعودی) صدر الیاس صدیقہ و دیگر ذمہ داران بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

پروگرام کو ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا تھا، جس کی ریکارڈنگ ذیل میں دی جارہی ہے: 

 

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو سائی مندر کے پاس بی جے پی کی تشہیر - بھکتوں نے جتایا اعتراض

منگلورو کے اوروا میں چیلمبی سائی مندر کے پاس رام نومی کے موقع پر جب بی جے پی والوں نے پارلیمانی انتخاب کی تشہیر شروع کی تو وہاں پر موجود سیکڑوں بھکتوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد بی جے پی اور کانگریسی کارکنان کے علاوہ عام بھکتوں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوئی

اُڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر حادثہ - بائک سوار ہلاک

اڈپی - کنداپور نیشنل ہائی وے پر پیش آئی  بائک اور ٹرک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ۔     مہلوک شخص کی شناخت ہیرور کے رہائشی  کرشنا گانیگا  کی حیثیت سے کی گئی ہے جو کہ اُڈپی میونسپالٹی میں الیکٹریشین کے طور پر ملازم تھا ۔