عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے بی جے پی:اکھلیش یادو
لکھنؤ، 13جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے ٹھکانوں پر ای ڈی چھاپے میں ایس پی صدر اکھلیش یادو نے آج کہا کہ یہ کارروائی عوام کی توجہ بٹانے کے لئے کی گئی ہے۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ عوام کی توجہ کو ہٹانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ججوں نے کل ایک سنگین مسئلہ اٹھایا اور آج حکومت نے کسی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔انہوں نے کہا کہ گجرات انتخابات کے دوران بھی انہوں نے (بی جے پی حکومت) عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے اسی طرح کا کام کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ گجرات انتخابات کے وقت کانگریس لیڈر منی شنکر ایئر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’نیچ آدمی‘کہہ دیا تھا۔اسے بی جے پی نے مسئلہ بنا دیا تھا۔اکھلیش نے کہا کہ سو فیصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور جی ایس ٹی نفاذ کی اجازت دینے کے بعد بی جے پی کو مقامی تحریک پر اپنا رخ بتانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سو فیصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور جی ایس ٹی سے ہندوستانی صنعت تباہ ہو جائیں گی۔بی جے پی کو بتانا چاہئے کہ اس بارے میں اس کے خیالات کیا ہیں۔دفاتر کو بھگوا رنگ سے رنگے جانے کے بارے میں اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی نے بیت الخلاء کو بھگوا رنگ سے رنگ کر اس رنگ کی توہین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے لوگوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ سیاسی فائدے کے لئے کسی بھی وقت کوئی بھی مسئلہ اچھال سکتی ہے۔یہی طاقتیں ذات اور مذہب کی بنیاد پر ملک کو بانٹ رہی ہیں۔