این آر آئی کنڑیگاس کے مسائل حل کئے جائیں گے؛ این آر آئی فورم کی وائس چیرپرسن کا تیقن

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 8th February 2017, 12:04 PM | خلیجی خبریں |

دبئی 7؍جنوری (ایس او نیوز)این آر آئی کنڑیگاس کوبیرونی ممالک میں ملازمت کے دوران اور ملک واپسی کے بعد جو مسائل درپیش آتے ہیں ،ان پر غورو خوض کے لئے دیرہ دبئی کے جوڈ پیلیس ہوٹل میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں مہمان خصوصی کے طور پرحکومت کرناٹکا کے شعبہ این آر آئی فورم کی وائس چیرپرسن مسز ڈاکٹر آرتی کرشنا نے شرکت کی۔

پر تکلف عشائیہ کے بعدجناب ابراہیم کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا افتتاح ہوا ۔جناب ابوبکر مختصر نے مہمانوں کا مختصر تعارف پیش کیا اور سمیع بخاری نے استقبالیہ خطاب کیا۔

ابتدائی خطاب میں جناب فضل الرحمن نے کہا غیر رہائش پذیر ہندوستانی بیرونی ممالک میں محنت مزدوری سے حاصل ہونے والی کمائی اور زر مبادلہ اپنے ملک میں بھیجتے ہیں جس سے وطن میں ترقی کے وسائل پید ا ہورہے ہیں۔گاوں اور دیہاتوں میں تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔اس موقع پر جناب یوسف برماور نے کہا کہ خلیجی ممالک میں لاکھوں کی تعداد میں کنڑیگاس(کرناٹک کے شہری) موجود ہیں اور اپنی گاڑھی کمائی سے رابطہ سوسائٹی جیسے اداروں کی معرفت اپنی ریاست اور اپنے وطن میں فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔لیکن کچھ کام ایسے بھی ہیں جن کی انجام دہی کے لئے سرکاری امداد ضروری ہوتی ہے۔انہوں نے بھٹکل میں شرابی ندی میں گٹر کا پانی چھوڑنے اور یوجی ڈی سسٹم فیل ہونے کی وجہ سے کنووں کا پانی خراب ہونے کی مسئلہ کا خصوصی تذکرہ کیا۔اس کے علاوہ شہر میں بڑھتی ہوئی جگہ کی قلت اور زمین کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ذاتی مکانات بنانے کے لئے درپیش مسائل کی طرف بھی نشاندہی کی۔

رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل جناب محی الدین کوچو باپا نے رابطہ سوسائٹی کی طرف سے کی جانے والی مختلف عوامی فلاحی خدمات کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ اپنی عمر کا بڑا حصہ خلیجی ممالک میں ملازمت کرتے ہوئے گزارنے کے بعد وطن واپس لوٹنے والوں کے لئے رابطہ سوسائٹی کی طرف سے مدد فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے ایئر پورٹ پر این آر آئیز اور خاص کر کے بھٹکل کے احباب کے ساتھ جو رویہ اختیارکیا جاتا ہے اور مشکوک نگاہوں سے دیکھتے ہوئے جو برا سلوک کیا جاتا ہے اس کی طرف خصوصی اشارہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اس طرح کے مسائل کو سرکاری سطح پر حل کیاجانا چاہیے۔جبکہ ابوبکر مختصر نے سعودی میں حادثے کے نتیجے میں کوما کی حالت میں پڑے ہوئے بھٹکلی مریض اور اس کی مشکلات کا ذکر کیااور معاذ شاہبندری نے اس ضمن میں پاور پوائنٹ کے ذریعے تفصیلی معلومات دی۔

جناب سید خلیل الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ خلیج میں مقیم این آر آئیز میں کیرالہ کا نمبر اول ہے اور دوسرا نمبر کنڑیگاس کا ہے۔ اور کنڑی باشندوں کی طرف سے اپنے وطن کو بھیجا جانے والا زرمبادلہ 1200کروڑ روپے ہے۔پھر بھی اس کا صحیح فائدہ عوام کو نہیں ہورہا ہے۔ ندی نالے گٹر میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ علاج ومعالجہ اور تعلیم وغیرہ کی سہولتیں ناکافی اور نامکمل ہیں۔کیونکہ یہ سب این آر آئیز کی طرف سے بھیجے گئے فنڈ کے سہارے چل رہے ہیں، اور حکومت کی طرف سے صحیح فنڈ فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔آپ نے بھٹکل میں امن و شانتی کی صورتحال کی طرف خصوصی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہزارہا سال سے لوگ امن وامان اور بھائی چارگی سے جی رہے ہیں،لیکن کچھ شرپسند وں کی وجہ سے بھٹکل کا نام میڈیا میں بہت زیادہ بدنام ہوگیا ہے۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر آرتی کرشنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اب تک امریکہ میں مقیم غیر رہائشی ہندوستانیوں کے مسائل حل کرنے کا کام انجام دے رہی تھیں۔ اب خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانیوں کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری انہیں دی گئی ہے۔حالانکہ امریکہ میں چالیس لاکھ ہندوستانی مقیم ہیں لیکن ان کے مسائل اور یہاں گلف میں مقیم ہندوستانیوں کے مسائل میں بہت زیادہ فرق ہے۔گلف میں چار لاکھ ہندوستانی ہیں جن میں 1.5لاکھ ہندوستانی یو اے ای میں رہتے ہیں۔گلف میں مقیم کنڑیگاس کے مسائل حل کرنے کے لئے پڑوسی ریاست کیرالہ میں سرکاری سطح پر کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ اس پس منظر میں مندرجہ ذیل منصوبے وضع کیے گئے ہیں۔

  • ٌ ایمبیسی اور عوام کے بیچ رابطے کے لئے ایک افیسر کا تقرر
  •  غیرممالک سے الوداع کہہ کر وطن لوٹنے والوں کو مناسب صلاح و مشورے
  •  گلف میں مقیم کنڑیگاس کے ڈاٹا بیس کی تیاری
  •  این آر کے یعنی غیر رہائشی کنڑیگا کارڈ کا اجرا جس کے ذریعے وطن میں زیادہ سہولتوں کی فراہمی
  •  ہمارا گاوں۔ہماری ریاست پروگرام میں شرکت اور ریاست کی ترقی میں اشتراک و تعاون
  •  ہر ضلع میں ڈی سی اور ایس پی کی قیادت میں فلاح و بہبود کمیٹی کی تشکیل۔جس کے ذریعے بیرونی ممالک میں بسنے والوں کے مسائل کورشتے دار وں کے ذریعے افسران کے علم میں لانے اور سرکاری تعاون فراہم کرنے کا منصوبہ
  •  24گھنٹے دستیاب رہنے والی ہیلپ لائن
  •  بیرونی ممالک میں فوت ہوجانے والے کنڑیگاس کی لاش وطن واپس لانے میں مدد کرنے کے لئے "indian committee welfare fund" کا قیام
  •  بیرونی ممالک میں فوت ہونے والوں کی لاش وطن بھیجنے کے اخراجات ان کو ملازمت دینے والی کمپنی یا ان کے پالنے پوسنے والے برداشت کرنے کے لئے قانون جاری کرنا
  •  ہر تعلقہ میں ایک فنی تربیتی مرکز(skill development center)کا قیام۔ اس کے ذریعے غیر ممالک میں ملازمت کے خواہشمندوں کو ضروری تربیت اور وہاں کے قوانین اور حالات کی جانکاری دینے کاپروگرام
  •  "پرواسی بھارتیہ دن "کے طرز پر "یوم کرناٹکا"منانا اور غیر ممالک میں برسرروزگار کنڑیگاس کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کرنا
  •  غیر رہائشی کنڑیگاس کے لئے انشورنس اور بیمہ پالیسی جاری کرنا
  •  اقلیتی کمیشن کی طرف سے ریاست کیرالہ کو ملے 145کروڑ کے فنڈ کی طرح کرناٹکا کے لئے فنڈ حاصل کرنے کے مقصد سے ایک ادارے کے قیام پر غور
  •  indian worker resource center کا قیام
  •  انڈین ایمبیسی میں کنڑا زبان کے استعمال پر عمل درآمدکے اقدامات
  •  غیر رہائشی کنڑیگاس کو ریاست میں سرمایہ کاری کی ترغیب دلانا
  •  غیر رہائشی کنڑیگاس کو قانونی امداد کی فراہمی

ان سب کے علاوہ ڈاکٹر آرتی نے بھٹکل کے گٹر کے پانی سے ندی خراب ہوجانے کے مسئلے پر کہا کہ انہیں اگر مکمل معلومات فراہم کی گئیں تو وہ وزیر اعلیٰ سے اس سلسلے میں بات چیت کرکے مسئلہ حل کرنے کی کوشش ضرور کریں گی۔

حاضرین نے سوال وجواب کے سیشن میں بھی کئی سوال اٹھائے اور مسائل کی طرف ڈاکٹر آرتی کی توجہ مبذول کرائی۔جناب عبدالقادر باشاہ نے مہمان خصوصی کو میمنٹو پیش کیا۔خواجہ آبکار کے اظہار تشکراور مولانا خالق کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

ایک نظر اس پر بھی

قطر میں بھٹکل مسلم جماعت کی خوبصورت عید ملن تقریب

بھٹکل مسلم جماعت کی طرف سے حسب سابق۲ شوال  مطابق ١١ اپریل  بروز جمعرات قطر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر بھٹکلی احباب کے لئے عید ملن کے نام سے ایک گیٹ ٹوگیدر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں نے اپنی گوناگو صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے شریک حاضرین سے داد و تحسین حاصل ...

متحدہ عرب امارات میں شدید بارش؛ نظام زندگی مفلوج، عمان میں 18 افراد جاں بحق

  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اس کے گردونواح میں منگل کو طوفانی بارش ہوئی۔ صورتحال ایسی ہو گئی کہ متحدہ عرب امارات میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آیا۔ سیلاب کے باعث کئی شہر جام ہو گئے۔ وہیں، پڑوسی ملک عمان میں شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عمان میں سیلاب سے تباہی، 13 افراد جاں بحق، لاپتہ لوگوں کی تلاش جاری

مشرق وسطیٰ کے شہر عمان میں اس وقت سیلاب نے زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ اتوار سے ہی عمان میں سیلاب کا قہر دیکھنے کو مل رہا ہے اور پیر کے روز بھی موسلادھار بارش کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اب تک اس سیلاب نے 13 لوگوں کی جان لے لی ہے اور کئی دیگر لاپتہ ہیں جن کی تلاش ...

سعودی عربیہ میں روڈ ایکسڈینٹ کے کیس میں پھنسا ہے بھٹکل کا ایک نوجوان؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل سے مدد کی اپیل

  بھٹکل بیلنی کا ایک  28 سالہ نوجوان محمد خالد ابن محمد جعفر گذشتہ چار سال سے   سعودی عربیہ کے   تيماء  میں معمولی  روڈ ایکسیڈنٹ کے   ایک کیس میں بری طرح پھنس گیا ہے اور عدالت نے اُس پر 34500 ریال (قریب سات لاکھ ہندوستانی رقم ) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اُس کی ...

سعودی عربیہ میں اندوہناک سڑک حادثہ؛ کرناٹک کے تین لوگ جاں بحق، بھٹکل کے قریب منڈگوڈ سے تھا تعلق

ریاست کرناٹک کے ضلع اُترکنڑا کے منڈگوڈ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد سعودی عربیہ میں عمرہ کی ادائیگی کے دوران اُس وقت جاں بحق ہوگئے جب سڑک پر تیز رفتاری کے ساتھ دوڑتی ہوئی ایک لینڈ کروزرجس پر یہ لوگ سوار تھے ، کا ایک پہیہ اچانک پنکچر ہوگیا اور گاڑی بے قابو ہوکر ...