کسی بھی وقت مرکزی حکومت کو سونپا جاسکتا ہے : جاوڈیکر
پنجی:16/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مرکزی انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی وضع کرنے والی کمیٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور تعلیمی پالیسی کا مسودہ کسی بھی وقت مرکزی حکومت کو سونپا جاسکتا ہے ۔ مرکزی حکومت نے نئی قومی تعلیمی پالیسی 2017 کا مسودہ تیار کرنے کے لئے کمیٹی قائم کی تھی۔ گوا یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ کمیٹی نے پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کسی بھی دن اور وقت قومی تعلیمی پالیسی حکومت کو سونپنے کے لئے تیار ہے ۔ اس پروگرام میں گوا یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور گوا کی گورنر مردلا سنہا نے بھی شرکت کی۔ جاوڈیکر نے کہا کہ ان کی وزارت کی پالیسی کو قبول کرنے اور لاگو کرنے کے لئے ایک مقررہ وقت تیار کیا جائے گا۔