غنڈوں کی ٹانگیں توڑ دو، بنگلورو پولیس کو نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور کا حکم

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 16th December 2018, 8:34 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،16؍دسمبر(ایس او نیوز) غنڈہ عناصر کی سرگرمیاں ، جرائم اور دوسروں کو ہراساں کرنے یا قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ نرمی کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ اب ان سے راہ راست پر آنے کی آخری اپیل کی جاچکی ہے، وہ اگر راہ راست پر نہیں آئے تو ان کے لئے پولیس کی گولی ہمہ وقت تیار رہے گی۔ یہ تنیہہ آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کی۔

شہر کے دیور جیون ہلی کے نئے پولیس تھانے کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ عوام کے لئے پریشانی کا سبب بننے والے غنڈہ عناصر پر گولیاں چلاکر ان کی ٹانگیں توڑ دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو پہلے جیل بھیجا جاتا اور وہاں بھی وہ آرام سے بیٹھ کر اپنی سرگرمیاں چلاتے ، جیل سے رہا ہونے کے بعد بہت سارے اپنی غنڈہ گردی میں پرموشن کے ساتھ واپس آتے اور نئے نئے طریقوں سے لوگوں کو ہراسان کرنے لگتے۔ اب ایسا نہیں ہوگا اس سلسلے کو روکنے کے لئے غنڈہ عناصر کی ٹانگیں توڑ دینی چاہئے۔ پولیس کو یہ حکم دیاگیا ہے کہ غنڈہ گردوں کی ٹانگوں پر گولیاں چلائی جائیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ دوسروں کے ہاتھ پیر توڑ کر جو درد دیا جاتا ہے جب یہی درد ان کو لاحق ہوگا تو کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر غریب طبقات سے وابستہ غنڈہ عناصر کو تاکید کی کہ وہ راہ راست پر آجائیں۔ پولیس نے اگر انہیں پکڑ لیا تو عدالتوں اور وکیلوں پر جو خرچ آتا ہے اس میں ان کے گھر کے سارے اسباب بیچنے پڑتے ہیں اور گھر کی معیشت تباہ ہوجاتی ہے۔ اسی لئے محنت سے جو بھی کماتے ہیں اس سے اپنے خاندان کی پرورش کریں اور ایک اچھے شہری بن کر زندگی بسر کریں۔

ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ دیور جیون ہلی پولیس تھانہ میں سالانہ چار سو فوجداری معاملے درج ہوتے ہیں۔ مرکزی حکومت کے ضوابط کے مطابق وہ پولیس تھانے جہاں سالانہ تین سو فوجداری معاملے در ج ہوں وہ حساس ہیں، جبکہ دیور جیون ہلی پولیس تھانہ ان سے بھی سو قدم آگے ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیور جیون ہلی علاقے کی بہت بڑی آبادی غریب طبقے سے وابستہ ہے، ان لوگوں کو بہتر زندگی کے حالات مہیا کرانا حکومت وقت اور منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔ تاکہ ان لوگوں کو جرائم سے دور رکھا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ دیور جیون ہلی میں صرف اس لئے کہ نیا پولیس تھانہ کھل گیا ہے، جرائم میں اضافے کی ضرورت نہیں ہے، ان کی خواہش تو یہی ہے کہ پولیس تھانوں میں کام ہی نہ رہے اور امن وامان کے ساتھ عوام زندگی بسر کرتے رہیں۔ ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ شہر میں 167 سگنل جنکشن ہیں جہاں پر ہائی ٹیک کیمرے لگائے گئے ہیں تاکہ ٹریفک قوانین کی پامالیوں پر نظر رکھی جائے اور پامالی میں ملوث افراد کے خلاف جرمانہ عائد کیا جاسکے۔ان کیمروں کی مدد سے شہر میں روزانہ ٹریفک قوانین کی دس ہزار پامالیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ صرف شہر بنگلور میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر بڑے شہر میں ٹریفک قوانین کی پامالی بڑھ رہی ہے، شہر میں بڑھتی ہوئی گاڑیوں کی ٹریفک کے سبب ٹریفک کا اژدہام عام ہوتا جارہا ہے۔اس کے باوجود بھی حکومت اور محکمۂ پولیس خاموش نہیں ہیں۔ بلکہ ٹریفک کو سہل کرنے کے لئے جدوجہد جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے ڈی جے ہلی پولیس تھانے کے عملے اور دیگر پولیس حکام کو ہدایت دی کہ ہر پولیس تھانے میں عوام کا کام دیانتداری سے نپٹایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ڈی جے ہلی پولیس تھانے کی تعمیر نئے دفتر پولیس کمشنر کی تعمیر میں کی گئی تین کروڑ روپیوں کی بچت سے کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پچھلے کچھ دنوں سے دیکھا جارہا ہے کہ محکمۂ پولیس میں ڈسپلن کم ہوتا جارہا ہے۔ جن مقامات پر پولیس افسروں اور جوانوں کا تبادلہ کیا جاتاہے وہاں یہ لوگ ڈیوٹی پر رپورٹ نہیں کرتے۔ چھوٹے بڑے افسر اپنے کام کے تئیں لاپروا نظر آتے ہیں آئندہ اسے قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ فوج کے بعد ملک کی کسی ایجنسی میں اگر ڈسپلن ہے تو وہ پولیس میں ہے، اس نیک نامی کو خراب ہونے نہ دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ شہر بنگلور میں رفتارجرائم کم ہورہے ہیں ، آنے والے دنوں میں اور سخت اقدامات کے ذریعے جرائم کے واقعات کو کم کرنے کے لئے مستعد رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ 35ہزار نئے کانسٹبل اور دوہزار نئے سب انسپکٹروں کا تقرر کیا جارہاہے جس کی بدولت پولیس عملے میں کمی نہیں رہے گی۔اس موقع پر مرکزی وزیر سدانند گوڈا، رکن اسمبلی اکھنڈا سرینواس مورتی، رمیش گوڈا، شہر کے پولیس کمشنر سنیل کمار، اڈیشنل کمشنر آف پولیس سیمنت کمار سنگھ ، جوائنٹ کمشنر آف پولیس الوک کمار ، ہری شیکھرن ، سابق میئر اور مقامی کارپوریٹر سمپت راج ، شہر کے تمام ڈی سی پی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔