ٹیپو جینتی کے دعوت نامے میں میرا نام شامل نہ کیا جائے ۔ اننت کمار ہیگڈے نے بھیجا ریاستی حکومت کومراسلہ
کاروار 5؍نومبر (ایس او نیوز) ریاستی مخلوط حکومت کی جانب سے حسب سابق امسال بھی 10نومبر کو ٹیپو جینتی منائی جائے گی۔لیکن گزشتہ سا ل کی طرح بی جے پی اس کی شدید مخالفت کررہی ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر شمالی کینرا کے ایم پی اور مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے اپنے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی ڈاکٹر وجئے کمار این ٹورگل کی معرفت ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری کے علاوہ ضلع شمالی کینرا اورضلع بیلگاوی کے ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ بھیجا ہے کہ ضابطے کے لحاظ سے رسمی طور پر بھی ان کا نام ٹیپو جینتی کے دعوت نامے میں شامل نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال بھی اننت کمار ہیگڈے نے اسی قسم کا مراسلہ بھیجا تھا اور اپنا نام دعوت نامے میں شامل کرنے سے منع کیا تھا۔ اس مرتبہ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کی معرفت بھیجے گئے مراسلے کا متن کچھ یو ں ہے:’’جے ڈی ایس اور کانگریس کی مخلوط حکومت نے کرناٹکا کے عوام کی مخالفت کے باوجود 10نومبر کو ٹیپو جینتی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔تاریخ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ٹیپو کنڑا مخالف اور ہند و مخالف تھا۔ اس کے علاوہ اس جشن کے خلاف احتجاج کی وجہ سے بہت سارے اضلاع میں بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات ہوتے ہیں۔درحقیقت یہ قابل مذمت اقدام ہے کہ حکومت ایک ایسے شخص کا یوم پیدائش مناکر تعظیم وتکریم کررہی ہے جوسماج مخالف تھا۔وزیر اننت کمار اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘‘