نجی اسپتالوں پر لگام کسنے کیلئے اسمبلی میں بل پیش،اس قانون کا مقصد ڈاکٹروں سے انتقام یا نفرت نہیں : رمیش کمار

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 21st June 2017, 11:04 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو، 20؍جون (ایس او نیوز)نجی اسپتالوں پر لگام کسنے کے مقصد سے کرناٹکا پرائیویٹ میڈیکل اسٹابلشمنٹ ترمیمی بل 2017 کو منظور کرنے میں وزیر صحت رمیش کمار نے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون طلب کیا ہے۔ آج ریاستی اسمبلی میں اس بل کو لے کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر رمیش کمار نے کہاکہ یہ قانون اچانک نہیں لایا جارہاہے، بلکہ بارہا رونما ہونے والے واقعات کے مد نظر یہ قدم اٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بل کا مقصد ڈاکٹروں سے انتقام لینا یا ان کے تئیں نفرت کا جذبہ عام کرنا قطعاً نہیں ہے۔ غلط فہمی کے نتیجہ میں نجی اسپتالوں کے انتظامیہ اور ڈاکٹروں نے اس بل کے خلاف احتجاج کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری نظام کے تحت ان ڈاکٹروں سے بھی مشورہ کے بعد ہی یہ قانون ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اسپتالوں میں بھاری رقومات کی وصولی اور غریب مریضوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے پیش نظر یہ قانون لانا ناگزیر ہوگیا ہے۔ رمیش کمار نے اسپتالوں میں پیش آنے والے واقعات جب ایوان میں تفصیل سے بیان کئے تو بہت سارے ممبران نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے ہاں میں ہاں ملائی، ان کے خیالات پر اراکین کا اتفاق یہی ظاہر کرتا رہا کہ ایوان میں یہ بل متفقہ طور پر منظور ہوگی۔رمیش کمار نے کہاکہ عوامی مفادات کے تحفظ کی خاطر اس قانون کو منظوری دی جائے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ قانون بنتے ہی سبھی ڈاکٹروں کو جیل بھیج دیا جائے گا یہ تاثر غلط ہے۔ اس سلسلے میں نجی ڈاکٹروں اور اداروں کے سربراہوں نے جو تاثر پیش کرنے کی کوشش کی ہے وہ بھی غلط ہے۔ 1976 میں ہی ایسا قانون لایا جاچکا ہے، 2007میں بھی اس طرح کا قانون لاگو کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ نجی اسپتال ہی الگ ہیں اور پروفیشنل ڈاکٹرس ہی الگ ہیں ان دونوں کو ایک صف میں کھڑا نہیں کیاجانا چاہئے۔جن اداروں کی طرف سے رقم وصول کی جارہی ہے حکومت ان کے خلاف کارروائی کرنے جارہی ہے ، نہ کہ ڈاکٹروں کے خلاف اس قانون کے تحت سرکاری اسپتالوں کو اس لئے نہیں لایا گیا کہ یہ اسپتالیں حکومت کے کنٹرول میں ہیں۔ اسپتال میں مقرر ہونے والے ڈاکٹر اور عملہ سرکاری عملہ کہلاتے ہیں۔ ان کے تقرر کے مرحلے میں ہی ان پر بہت ساری شرائط رہتی ہیں اسی لئے سرکاری اسپتالوں کو اس قانون کے تحت لانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے باوجود بھی اگر سرکاری اسپتالوں میں دھاندلی ہوتی ہے تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ نجی اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی بیماری کیا ہے اور ان پر کیا خرچ ہوگا اس کیلئے اب تک کوئی نظام موجود نہیں تھا۔اس قانون کے بعد یہ لازمی ہوگا کہ کس بیماری کے کس علاج کیلئے کتنی رقم وصول کی جائے گی وہ اسپتالوں کو نمایاں طور پر درج کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ قلبی آپریشن کیلئے مختلف قسم کی شرحیں طے کی گئی ہیں، اسٹنٹ لگانے کیلئے جئے دیوا اسپتال میں 50ہزار روپے مقرر ہے تو نجی اسپتالوں میں دو لاکھ روپے وصول کئے جاتے ہیں تو کیا اس پر کارروائی کرنا غلط ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں سے بھاری رقم وصول کرنے کے مرتکب ڈاکٹروں پر 25ہزار روپے اور ادارہ پر پانچ لاکھ روپیوں تک کا جرمانہ اور ڈاکٹروں کو چھ ماہ سے تین سال تک کی قید کی گنجائش اس قانون میں موجود ہے۔ مغربی بنگال میں جرمانہ کی حد دس لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری اسپتالوں میں جنرک دواؤں کی دکانیں قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ مرکزی وزیر اننت کمار کے ساتھ اس کیلئے معاہدہ بھی ہوا ہے۔ان دکانوں سے مریضوں کو کم قیمت پر دوائیں ملیں گی، اور ساتھ ہی مجموعی طور پر دواؤں کی قیمتوں میں70تا75فیصد گراوٹ آئے گی۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...

طالبہ کا قتل: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے لو جہاد سے کیا انکار

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کو کہا کہ ایم سی اے کی طالبہ نیہا ہیرے مٹھ کا قتل لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے میسور میں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ میں اس فعل کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ قاتل کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ یہ لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ حکومت اس بات کو ...