بہار میں سرکاری ملازمین کو دیوالی کا ایک اور تحفہ ، مہنگائی بھتہ میں اضافہ
پٹنہ ،18؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بہار حکومت نے ساتویں ریاستی اجرت کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر مہنگائی بھتے میں ایک فیصد کا اضافہ کرکے اپنے ملازمین اور پنشن یافتگان کو آج دیوالی کا ایک اور تحفہ دیا۔ کابینہ سکریٹریٹ محکمہ کے چیف سکریٹری برجیش ملہوترا نے یہاں وزیر اعلی نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ کے بعد بتایا کہ حکومت کے اس ضمن میں قرار داد کو منظوری دینے سے ملازمین اور پنشن یافتگان کا مہنگائی بھتہ چار فیصد سے بڑھ کر پانچ فیصد ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ یکم جولائی 2017 سے نافذ ہوگیا ہے۔ مسٹر ملہوترا نے بتایا کہ مہنگائی بھتہ میں ایک فیصد اضافہ ہونے سے سرکارکو سالانہ 240.56 کروڑ روپے اضافی خرچ کرنے ہوں گے۔