بینکوں کا پیسہ ہڑپنے والوں کے نام ظاہر کریں حکومت: سیتا رام یچوری
نئی دہلی،17؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سی پی ایم نے مرکزی سترکتا کمیشن (سی وی سی) کی طرف سے سو بڑے بینکاری گھوٹالوں پر مبنی اپنی رپورٹ مرکزی ریزرو بینک اور جانچ ایجنسیوں کے ساتھ اشتراک کرنے کے باوجود ان گھوٹالوں میں ملوث افراد کے نام حکومت کی جانب سے ظاہر نہ کرنے پر سوال کھڑے کئے ہیں۔سی پی ایم لیڈر سیتا رام یچوری نے بینکاری گھوٹالوں سے منسلک رپورٹ سی وی سی کی طرف سے ریزرو بینک، سی بی آئی اور ای ڈی کے ساتھ اشتراک کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ مودی حکومت بینکوں سے قرض لینے والے گھوٹالہ بازوں کے نام ظاہر کیوں نہیں کر رہی ہے۔یچوری نے ٹویٹ کر کہاکہ مودی حکومت سازگاٹھ کرنے والے ان امیردوستوں کے نام ظاہر کیوں نہیں کر رہی ہے جو عوام کے کروڑوں روپے کے مقروض ہیں۔ان میں سے بہت سے کاروباری عوام کا پیسہ ہڑپ چکے ہیں اور انہیں ملک سے جانے بھی دیا گیا۔ انہوں نے بینکوں کے مقروض کسانوں کو وصولی کے لئے پریشان کئے جانے پر حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معمولی قرض کی وصولی کے لئے کسانوں اور غریبوں کے پیچھے دوڑتی ہے۔یچوری نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے وصولی کے نام پر غریبوں اور کسانوں کو شرمندہ ہونے پر بھی مجبور کیا جاتا ہے۔