بی جے پی کی سُبکی،نانا پٹولے نے لوک سبھا سے دیا استعفیٰ،’’کسانوں کے تعلق سے سرکارکی لمبے لمبے دعووں ‘‘پر سوالیہ نشان
نئی دہلی ، 08؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر نانا پٹولے نے جمعہ کو اعلان کیا کہ انہوں نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے اور پارٹی بھی چھوڑ دی ہے۔ممبر پارلیمنٹ پٹولے نے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کے دفتر کو اور بی جے پی قیادت کو اپنا استعفی سونپ دیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ وہ کسانوں کے معاملے پر پارٹی سے ناراض چل رہے تھے۔پٹولے نے یہ قدم گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ سے ٹھیک ایک دن پہلے اٹھایا ہے۔پٹولے نے کہا کہ وہ پارٹی چھوڑ رہے ہیں، کیونکہ وہ بہت دکھی اور پارٹی کی طرف سے خود کو ذمہ دارمحسوس کر رہے ہیں۔لوک سبھا سکریٹریٹ کو اپنا استعفی سونپنے کے بعد کہاکہ جس وجہ سے میں پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوا تھا، وہ جھوٹا ثابت ہوا، لیکن اب میں(استعفیٰ دینے کے بعد) اپنے اندر کی بے چینی سے آزاد ہو گیا ہوں۔پٹولے نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ کس پارٹی میں شامل ہوں گے، لیکن وہ کسی ذہن سیکولر سوچ رکھنے والی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے پر غور کریں گے۔