اعلیٰ کمان کو رقم کی ادائیگی کاالزام سیاسی رنگ اختیار کرگیا،ضبط شدہ ڈائری منظر عام پر لانے مرکز سے یڈیورپا کا مطالبہ

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 23rd February 2017, 11:07 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،22؍فروری(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیاپر کانگریس اعلیٰ کمان کو ایک ہزار کروڑ روپے ادا کئے جانے کا الزام دن بدن سیاسی رخ اختیار کرتا جارہا ہے۔ ایک طرف سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے مرکزی حکومت کو ایک مکتوب روانہ کرکے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دست راست رکن کونسل گووند راجو کے گھر سے ضبط کی گئی ڈائری کے مشمولات منظر عام پر لائے جائیں تو دوسری طرف سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے اس معاملے کی سختی کے ساتھ جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔ کلبرگی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ انہوں نے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرکے محکمۂ انکم ٹیکس کی طرف سے ضبط شدہ ڈائری کی تفصیلات منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کانگریس اعلیٰ کمان کو ایک ہزار کروڑ روپے ادا کئے ہیں اور اس ڈائری میں اس سلسلے میں واضح ثبوت موجود ہیں۔ گووند راج کے گھر پر چھاپہ مارکر انکم ٹیکس افسران نے یہ ڈائری ضبط کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور میں اسٹیل برڈج کی تعمیر کے عوض دیڑھ سو کروڑ روپیوں کی رشوت میں سے 65کروڑ روپیوں کی رقم پیشگی طور پر لئے جانے کی بھی اس ڈائری میں تصدیق کی گئی ہے۔ ڈائری منظر عام پر آئے گی تو کانگریس کو بھاری ندامت اٹھانی پڑسکتی ہے۔ یڈیورپانے کہاکہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کرے ، ریاست کے سبھی بی جے پی اراکین پارلیمان اس سلسلے میں مرکز سے نمائندگی کرنے تیار ہیں۔ اس دوران ریاستی کانگریس قائدین نے بی جے پی کے ان الزامات کے خلاف وزیر اعلیٰ سدرامیا کا کھل کر دفاع کرنے کیلئے کل شہر میں ستیہ میو جیاتے ریلی کا اہتمام کیا ہے۔ یڈیورپا نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد کانگریس کے تین چار سینئر لیڈرپارٹی چھوڑنے والے ہیں، کمار بنگارپا نے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمار کے ساتھ ان کی بات چیت بھی ہوچکی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا بھی بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ عنقریب کرنے والے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے ستیہ میو جیاتے ریلی کا اہتمام کئے جانے پر طنز کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ کانگریس کو کم از کم اب تو یہ احساس ہورہا ہے کہ سچائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعلیٰ سدرامیا کو اتنا ہی یقین ہے تو انہیں چاہئے کہ اس سلسلے میں تمام تفصیلات خود منظر عام پر لائیں۔ وہ یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ سدرامیا اگر ان کے الزام کو جھوٹا ثابت کردیں تو وہ سرگرم سیاست سے سنیاس لینے کیلئے تیار ہیں۔ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ حکومت کو خشک سالی سے بدحال عوام کی فلاح وبہبود اور بازآباد کاری سے کچھ سروکار نہیں۔ مرکزی حکومت پر الزام لگاکر حکومت اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس موقع پر یڈیورپا کے ہمراہ کونسل کے اپوزیشن لیڈر ایشورپا ،سابق وزراء اروند لمباولی، رگھوناتھ ملکا پورے ، رکن کونسل بی ایس ویریا وغیرہ موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔