بنگلورو، 21 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کرناٹک کے دھارواڑ ضلع میں دو دن پہلے ایک زیر تعمیر عمارت کے ملبے سے بچاواہلکاروں نے جمعرات کو تین اور لاشوں کو نکالا۔اس کے ساتھ ہی اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی۔
پولیس نے بتایا کہ دویا اناکل (8)، دکشاینی (45) اور ایک دوسرے نامعلوم شخص کی لاش ریسکیو آپریشن کے تیسرے دن ملبے سے نکالی گئی۔بچاواہلکاروں کو کم سے کم 12 سے 15 دوسرے لوگوں کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کیونکہ ملبے کے اندر سے بچاواہلکاروں نے لوگوں کی آوازیں آتی سنی ہیں۔جو چار منزلہ عمارت گری ہے وہ کانگریس لیڈر اور سابق وزیر وجے کلکرنی کے رشتہ داروں کی بتائی جا رہی ہے،یہ عمارت منگل کو گری تھی،حادثے میں 55 افراد زخمی ہوئے تھے۔
کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامي نے کہا تھا کہ وہ دھارواڑ ضلع میں ایک زیر تعمیر عمارت کے گرنے کی خبر ملنے سے ساکت ہیں۔سی ایم کمارسوامی نے ریاست کے چیف سکریٹری کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کا حکم دیا تھا۔