بنٹوال :بخار کی وجہ سے 11سالہ طالبہ کی موت۔ والدین نے لگایا ڈاکٹروں پر غفلت برتنے کا الزام
بنٹوال 14؍اکتوبر(ایس او نیوز) بخار کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرنے کے بعد ایک طالبہ کی موت واقع ہوگئی جس کے لئے لڑکی کے والدین نے اسپتال کے ڈاکٹروں کو ذمہ دار اٹھہراتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق رکھشیتا وٹّل پجاری(11سال)جو اگرار چرچ اسکول میں پانچویں جماعت کی طالبہ تھی جمعہ کے دن منگلورو کے وینلاک اسپتال میں انتقال کر گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کے رکھشیتا کو بخار شروع ہواتھا۔ اسے بنٹوال کے سرکاری اسپتال میں علاج کے لئے لیجایا گیا۔ وہاں سے دوائیاں لینے پر بخار کم ہوا اور اس نے جمعرات کے دن اسکول میں حاضری بھی دی۔ جمعہ کے دن اسے پھر بخار چڑھنے لگاتو دوبارہ سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں پر خون کی جانچ کرنے کے بعد اسے ڈرپ لگائے گئے۔اس دوران کپکپاہٹ کے ساتھ بخار تیز ہونے لگا اور اس نے قئے بھی کرنا شروع کیا تو مزید علاج کے لئے اسے منگلورو کے وینلاک اسپتال بھیجا گیا۔مگر وہاں پر علاج کارگر نہیں ہوا اور لڑکی نے اسپتال میں ہی دم توڑ دیا۔
لڑکی کے والدین نے وینلاک اسپتال کے ڈاکٹروں پر الزام لگایا ہے کہ ان کی غفلت کی وجہ سے رکھشیتا کی موت واقع ہوئی ہے۔بنٹوال پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر چندرا شیکھر نے شکایت درج کرلی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔