ٹمکورکے سابق میئراور کارپوریٹرکا دن دہاڑے سرعام قتل
ٹمکور30؍ستمبر (ایس او نیوز) ٹمکورو میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر اور حالیہ بلدی انتخابات میں جیت حاصل کرنے والے جنتا دل(ایس ) کارپوریٹرروی کمار کو دن دہاڑے اور سرعام قتل کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ روی کمار نے مجرمانہ زندگی سے سیاسی زندگی میں داخلہ کیا تھا۔ اس کے خلاف کئی مجرمانہ سرگرمیوں کے کیس داخل تھے۔وہ اپنے دوست کے ساتھ بٹاٹا واڈی علاقے میں چائے پی رہا تھا۔ اسی وقت دو لوگ ان کے قریب آئے مرچی کا پاؤڈر ان کے چہرے پر پھینکا۔ روی کمار نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی ، مگر مزید پانچ لوگوں نے اسے گھیرلیا اور چاپر و دیگر تیز دھار والے ہتھیاروں سے تابڑ توڑ حملے کرکے اسے سرعام موت کے گھاٹ اتار دیا۔اس خونریز حملے کو دیکھنے والے لوگ حیرت اور خوف سے بُت بنے رہ گئے اور حملہ آور موقع پر سے فرار ہوگئے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ روی کمار سے کسی پرانی دشمنی کا حساب چکتا کرنے کے لئے اس کے مخالف گینگ نے یہ قاتلانہ کارروائی انجام دی ہوگی۔