ہبلی7؍جنوری (ایس او نیوز) ہبلی کے پرانے بس اسٹانڈ پر ایک انسانیت سوز معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ہفتے سے ٹھٹھرتی ہوئی سردی میں ایک بزرگ میاں بیوی کا جوڑا بھوکاپیاسا اوربے یار و مددگار پڑا ہوا پایا گیا، مگر جب پوچھ تاچھ کی گئی تو پتہ چلا کہ انہیں اس حالت میں چھوڑ جانے والا کوئی غیر نہیں بلکہ ان کی اپنی بیٹی ہے۔
سوریہ کانت پاٹل اور کملا بائی نامی اس بزرگ جوڑے کی دکھ بھری کہانی یہ ہے کہ یہ لوگ پرانی ہبلی کے دیسائی چال میں کرایے کے مکان میں رہتے تھے۔ مگر کرایہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے مکان مالک نے انہیں گھر سے باہر نکال دیا۔ان لوگوں نے کچھ دن ہبلی کے رایار مٹھ میں قیام کیا۔پھر اپنی تنہا اولاد شوبھا کے پاس رہنے کے لئے چلے گئے۔ مگر اس بیٹی نے اپنے بزرگ والدین کی صحیح دیکھ بھال کرنے کے بجائے رات کے وقت انہیں ہبلی کے بس اسٹانڈ پر لاوارث چھوڑ جانے جیسا شرمناک اور غیر انسانی کام کیا ہے۔
جب یہ معاملہ پولیس کے علم میں لایا گیا تو اس نے کارروائی کرتے ہوئے اب ان بے سہاروں کو بزرگوں کے آشرم میں داخل کروایا ہے۔