طلباء کوایس ایس ایل سی امتحان میں اچھے نتائج لانے کی ترغیب دینے مینگلور کے مسلم علماء کے نام مراسلہ
منگلورو 31؍جنوری (ایس او نیوز) جنوبی کینرا ضلع پنچایت کی طرف سے ایک قابل توجہ اقدام کرتے ہوئے مسلم علماء اور خطباء کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے کہ مارچ کے مہینے میں درپیش ایس ایس ایل سی امتحان میں طلبہ کو اچھے نتائج پر اکسائیں۔
ضلع پنچایت کے چیف ایکزی کوٹیو آفسر ڈاکٹر ایم آر روی اورتعلیم و صحت کمیٹی کے صدر شاہ الحمید نے جو مشترکہ مراسلہ مسلم علماء کو بھیجا ہے اس میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ سال ایس ایس ایل سی امتحان میں41.87فیصد مسلم بچے ناکام ہوئے تھے۔فیل ہونے والے 2212طلباء میں 1348لڑکے اور 864لڑکیاں تھیں۔یہ ایک پریشان کن صورتحال ہے۔ اس لئے مسلم طلباء کی تعلیمی ترقی کے لئے علماء اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں اور امسال ہونے والے امتحان میں بہتر نتائج کے لئے انہیں ترغیب دیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ علما جمعہ کے خطبات میں بھی اس موضوع پر طلبہ اور سرپرستوں کی توجہ مبذول کروائیں ۔ اس کے علاوہ علماء سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی بڑے سماجی یا مذہبی پروگرام کو ایس ایس ایل سی کے امتحانات ختم ہونے تک کے لئے ملتوی کردیں۔