جنوبی کینرامیں ایس ایس ایل کے کچھ طلباء کو دوبارہ لکھنا پڑا کنڑا زبان کا پرچہ
منگلورو25؍مارچ (ایس او نیوز)ایس ایس ایل سی امتحان کی نگرانی کرنے والوں کی غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے کوناجے کے ایک امتحانی مرکز میں کچھ طلباء کو کنڑا زبان کا پرچہ دوبارہ لکھنا پڑاجس کے بارے میں طلباء کی شکایت ہے کہ انہیں مناسب وقت دئے بغیر بڑی ہماہمی میں دوبارہ امتحان دینے پر مجبور کیا گیا۔
واقعہ یو ں بتایا جاتا ہے کہ امسال سوالیہ پرچوں کا پیٹرن دو قسم کا ہے۔ ایک نئے نصاب کے مطابق فریشرطلبا ء کے لئے ہے اور دوسرا پرانے نصاب کے مطابق دوبارہ امتحان دینے والوں( ریپیٹرس) کے لئے ہے۔ کوناجے میں واقع اس امتحانی مرکز کے ایک ہال میں طلباء کے پرچے ادل بدل گئے۔ فریشرس کو پرانے پیٹرن اور رپیٹرس کونئے پیٹرن کے پرچے مل گئے۔امتحان کا وقت ختم ہوکر طلباء کے گھر پہنچنے کے بعد امتحان کی نگرانی کرنے والوں کو اس غلطی کا احساس ہوا۔ پھرگھروں پر فون کرکے تقریباً 20طلباء کو واپس امتحانی مرکز میں بلالیا گیا اور ان کو مناسب پرچے دے کر جلداز جلد دوبارہ جوابات لکھنے کی مہلت دی گئی۔ اس طرح طلباء کو صبح سے شام ساڑھے چار بجے تک امتحان دینے میں وقت گزارنا پڑا۔ دوبارہ امتحان دینے والے طلباء کا کہنا تھا کہ انہیں کچھ سوچنے اور ذراسی تیاری کرنے کا بھی موقع نہیں دیا گیا ، بلکہ دوبارہ سوالیہ پرچہ تھمانے کے بعد نگران سرپر سوار رہے اور کم سے کم وقت میں جوابات لکھنے پر زور دیتے رہے۔
نگران کاروں کی غلطی اور کوتاہی سے طلباء کو ہونے والی اس مشقت اور ذہنی اذیت پر والدین نے برہمی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ شاید ان کے بچوں کے نتائج پر اس کا بر ااثر پڑ سکتا ہے۔