سیناپور ریلوے اسٹیشن پرایکسپریس ریل گاڑیاں روکنے کے لئے سی پی آئی( ایم ) کا احتجاج
اڈپی21؍مارچ (ایس او نیوز) کنداپور اور اڈپی کے درمیان واقع ’سیناپور‘ ریلوے اسٹیشن پر ایکسپریس ریل گاڑیاں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) بیندور یونٹ نے اپنے کارکنان کے ساتھ ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور کونکن ریلوے ریجنل منیجر اور ژونل ٹریفک منیجر کو میمورنڈ پیش کیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سیناپور ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں درجنوں قصبے اور دیہات ہیں جہاں سے مسافر ین کی ایک بڑی تعداد گوا ، ممبئی اور بنگلورو کی طرف سفر کرتی رہتی ہے۔ لیکن یہاں پر ایکسپریس ریل گاڑیوں کو نہ روکنے کی وجہ سے عوام کو بہت ہی زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے ملازمت، کاروبار اور تعلیمی ضروریات وغیرہ کے تحت سفر کرنے والے ان مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے کونکن ریلوے روٹ پر دوڑنے والی مستیا گندھا ایکسپریس، ممبئی منگلورو (سی ایس ٹی) ایکسپریس، بنگلورو،میسورو کاروار ایکسپریس،بنگلوروشرون بیلگولہ منگلورو ایکسپریس،کوچی ویلی ایکسپریس وغیرہ کو سینا پور اسٹیشن میں روکا جائے۔
اس کے علاوہ میمورنڈم میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ سیناپور ریلوے اسٹیشن کا روڈ انتہائی خستہ حالت میں ہے اس لئے فوری طور پر اس کی مرمت کرواتے ہوئے اسے کانکریٹ رستے میں تبدیل کیا جائے۔ ساتھ ہی ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں اور اسٹیشن کے روڈ پر روشنی کا پورا انتظام کیا جائے۔