مینگلور میں گھر والے سوتے رہ گئے اورچور 4لاکھ روپے مالیت کے زیورات اڑالے گئے
منگلورو12؍اکتوبر (ایس او نیوز)ساحلی علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جار ہے اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ منظم گروہ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
تازہ واردات موُلکی سے قریب کارناڈ میں پیش آئی ہے ، جہاں گھر میں لوگ سوتے رہ گئے اور چور بیڈ روم میں گھس کر الماریوں سے زیورات اڑالے گئے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سدھیر شیٹی نامی ایک کنٹراکٹر نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے کہ رات کے وقت گھر کا داخلی دروازہ اندر سے لاک کرنے کے بعد اس نے چابیاں کی ہول میں ہی چھوڑ دی تھیں۔ مین ڈور سے متصل کھڑکی سے کسی طرح چوروں نے دروازے میں اندر سے لٹکتی چابیاں نکال لیں۔ پھر دروازہ کھول کر اطمینا ن سے بیڈ روم گھس کر الماریاں کھولیں اور اس میں موجود تقریباً 4لاکھ روپے مالیت کے زیورات اڑالے جانے میں کامیاب رہے۔
چوری کی اس واردات کا پتہ سدھیر شیٹی کو صبح جاگنے پر اس وقت چلا جب گھر کا داخلی دروازہ کھلا پڑا ہوا دیکھنے کے بعد اندرونی کمروں کا معائنہ کیا گیا۔ پولیس کا خیال ہے کہ شاید گھر میں گھسنے کے بعد چوروں نے کوئی نشہ آور چیز کمروں میں اسپرے کردی تھی جس کی وجہ سے تمام لوگ گہری نیند سوتے رہ گئے اور چور پورے اطمینان کے ساتھ اپنی کارروائی انجام دے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بالکل اسی قسم کی چوری کی واردات حال ہی میں موڈبیدری میں بھی انجام دی جاچکی ہے۔