کارپوریٹ شعبے کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کرناٹک کے وزیراعلیٰ کمار سوامی کی آواز

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 4th August 2018, 12:19 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو۔4؍اگست(ایس او نیوز) ریاست میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے کارپوریٹ شعبے کو زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ اس کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے جو بھی تعاون درکار ہے حکومت بخوشی فراہم کرے گی۔ یہ یقین دہانی آج ریاست کے صنعت کاروں کو وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسو امی نے کرائی۔

شہر میں آئی ٹی بی ٹی صنعتوں کے سربراہوں کے ہمراہ میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نومبر کے دوران ’’ بنگلور ٹیک ‘‘ کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے، اس کی تیاریوں کے سلسلے میں آج آئی ٹی بی ٹی صنعت کاروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں جو بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لئے آگے آئیں گے حکومت ان کا بھرپور تعاون کرے گی۔ صنعتوں سے جڑے جو بھی مسائل ہیں وہ حکومت کے علم میں لائے گئے ہیں ، ان کو سلجھانے کے طریقۂ کار کو اپنا کر حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ ریاست میں صنعتوں کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کا منشاء یہی ہے کہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ موقعوں سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ صنعتی ترقی صرف راجدھانی بنگلور تک ہی محدود نہ رہے بلکہ دوسرے درجے کے شہروں میں بھی صنعتی پراجکٹ قائم کرکے وہاں کے نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے جو بجٹ پیش کیا اس میں بھی دوسرے زمرے میں آنے والے شہروں کے صنعتی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی ترجیح وضع کی گئی ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں کو آواز دی کہ وہ اپنے پراجکٹوں کو بنگلور تک محدود رکھنے کی بجائے ان دوسرے زمرے کے شہروں کی طرف بھی لے جائیں ، تاکہ دیہی علاقوں سے بے روزگاری کے سبب نقل مکانی کا سلسلہ رک جائے۔

کمار سوامی نے کہا کہ شمالی کرناٹک میں زیادہ صنعتی پراجکٹوں کے قیام کی ضرورت ہے۔ بیدر، گلبرگہ ، کوپل ، رائچور ، یادگیراور دیگر اضلاع میں صنعتی پراجکٹ قائم کرنے کارپوریٹ اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ حکومت ان علاقوں میں صنعتیں قائم کرنے والے اداروں کو زیادہ سے زیادہ رعایت دینے پر آمادہ ہے۔ بنڈی پور کے جنگل سے گزرنے والی سڑک کے متعلق کرناٹک اور کیرلا کے درمیان مفاہمت کے بارے میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ دونوں ریاستوں کے مابین اور بھی بہتر سڑک کی تعمیر کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ یہاں کے انفرااسٹرکچر کو سدھارا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دیہی علاقوں میں صنعتوں کے قیام کو بڑھاوا دینے کے لئے حکومت کی ترجیح کے ساتھ دیہی علاقوں کے بے روزگار نوجوانوں کوہنر مندی کی تربیت سے آراستہ کرنے کے لئے بجٹ میں 500کروڑ روپے مہیا کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صنعتوں کے قیام میں جہاں بھی رکاوٹ پیدا ہو اس سے نپٹنے کے لئے دفتر وزیر اعلیٰ میں ایک مخصوص شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ پڑوسی ملک چین نے جس طرح سے صنعتی ترقی حاصل کی ہے اس کے مسابقت میں کرناٹک کو آگے لے جانے کی جدوجہد ہونی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس مقصد کے لئے حکومت ضلعی سطح پر صنعتی کلسٹر قائم کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیدرمیں زرعی آلات کی تیاری کا پلانٹ گلبرگہ میں سولار آلات کی تیاری ، کوپل میں کھلونوں کی تیاری ، بلاری میں فروغ سیاحت ، چترادرگہ میں ایل ای ڈی کارخانے وغیرہ پر مشتمل خصوصی پلسٹر قائم کرکے ان علاقوں میں صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر صنعت کے جے جارج ، وزیر برائے سماجی بہبود پریانک کھرگے اور مختلف صنعتوں کے سربراہ موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔