بیلتھنگڈی: ریت مافیا کو بلیک میل کرنے والا نقلی صحافی پہنچ گیا سلاخوں کے پیچھے
بیلتھنگڈی27؍ستمبر (ایس او نیوز)اپنے آپ کو ٹی وی نیوز رپورٹر بتاکر غیر قانونی طور پر ریت نکالنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں بلیک میل کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتارسلاخوں کے پیچھے بھیج دیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پاترامے علاقے کا رہنے والا ستیش ان مقامات پر پہنچ جاتا تھاجہاں پر غیر قانونی طور پر نکالی گئی ریت کے ذخیرے ہوتے تھے۔ پھر وہ اس کاروبار میں ملوث لوگو ں کو یہ کہہ کر دھمکایا کرتاتھا کہ وہ بی ٹی وی کا رپورٹر ہے اور اس دھندے کے خلاف رپورٹ تیار کرنے والا ہے۔ اس کے بعد اپنا منھ بند رکھنے کے لئے وہ 15تا 30ہزار روپے وصول کیا کرتاتھا۔اس پر الزام ہے کہ بعض مقامات پر اس نے اپنے آپ کو ٹی وی 9 اور دوسرے چینلوں کا رپورٹر بتاکربھی اس نے لوگوں کو بلیک میل کیا ہے اور پیسے وصول کیے ہیں۔دھرمستھلا پولیس نے ستیش کو ریت ٹرانسپورٹ کرنے والوں سے رقم وصول کرنے کے موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیاہے۔