نوٹ بندی عوام دشمن پالیسی؛ مینگلوراور منی پال میں مرکزی حکومت کے خلاف مہیلا کانگریس کا انوکھا احتجاج
منگلورو 10/جنوری (ایس او نیوز)ایم ایل اے شکنتلا شیٹی نے کہا کہ غریب، مزدوراور کسان خود اپنے پیسے حاصل کرنے کے لئے اے ٹی ایم کے باہر قطاروں میں اس طرح کھڑے رہنے کی شرمناک صورتحال پوری دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی۔ ہندوستانیوں کی یہ حالت نریندر مودی کی حکومت میں ہوئی ہے۔
شکنتلا شیٹی نے مرکزی حکومت کی نوٹ بندی اورعوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جنوبی کینرا مہیلا کانگریس کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے دوران ڈی سی آفس کے سامنے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ پچاس دنوں میں کالا دھن واپس لانے کی بات وزیر اعظم اب بھول گئے ہیں۔ بیرونی ملکوں میں جمع کالا دھن لاکر عوام کے کھاتے میں 15لاکھ روپے فی کس جمع کرنے کا لالچ دینے والے وزیر اعظم نے ملک کو معاشی طور پر بد حال کررکھا ہے۔ کھانے کے پلیٹ اور چمچے بجا کر خواتین نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کیا۔
اُدھر اڈپی ضلع کے منی پال میں واقع ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے بھی مہیلا کانگریس کی طرف سے دھرنا دیاگیا۔ یہاں پر عورتیں روزانہ کی خریداری میں ہونے والی مصیبتوں کی علامت کے طور پر مختلف قسم کی ترکاری سامنے رکھ کرکھانے کے پلیٹ بجاتے ہوئے احتجاج کیا۔ ضلع مہیلا کانگریس صدرورونیکا کرنیلیو نے نوٹ بندی سے خواتین سے ہونے والی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ سب ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔ دیگر مقررین نے کہا مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔