کانگریس غریبوں کو ہٹاکر ہی امیر پارٹی بنی ہے: یڈیورپا
بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے معروف فلم اداکار اور فلم ساز پرکاش رائے کی طرف سے وزیراعظم مودی کے متعلق کئے گئے تبصرہ کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہاکہ فلمی دنیا کے ذریعہ شہرت حاصل کرکے لوگوں میں مقبولیت مل جانے کا پرکاش رائے غلط فائدہ نہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے کچھ دنوں سے ہر کوئی وزیر اعظم مودی پر نکتہ چینی کرکے اپنے آپ کو بڑا بنانے کی کوشش کررہا ہے ، اسے برداشت نہیں کیاجائے گا۔ آج بی جے پی دفتر میں ایس سی /ایس ٹی مورچہ کی مجلس عاملہ میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ صحافی گوری لنکیش کے قتل کے معاملے میں سی بی آئی جانچ کرانے مرکزی حکومت کے انکار کے متعلق پرکاش رائے کے تبصرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اگر اس معاملے میں انکار کرتی تو پرکاش رائے کی تنقید جائز تھی، لیکن اس سے پہلے کہ ریاستی حکومت اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کی تجویز پیش کرے پرکاش رائے نے مرکزی حکومت ، وزیر اعظم مودی اور اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے متعلق غیر ذمہ دارانہ جملے کہے ہیں ، ان سے اس طرح کی بیان کی توقع نہیں تھی۔ یڈیورپانے کہاکہ کانگریس نے آزادی سے اب تک ملک میں غریبی ہٹاؤ کے نعرہ کے ساتھ غریبوں کا صفایا کیا ہے۔ ہمیشہ کانگریس نے اس ملک کے آئین کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کی ہے، آج اسے امبیڈکر کے متعلق کچھ بھی کہنے کا اسے اخلاقی حق نہیں ، کانگریس کو اگر دلتوں سے اتنی ہی ہمدردی ہوتی تو وہ بابو جگ جیون رام کو وزیراعظم بناتی، لیکن کانگریس پارٹی نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ یڈیورپا نے دعویٰ کیا کہ صرف بی جے پی ہی وہ جماعت ہے جو دلتوں کی فلاح کیلئے کچھ بھی کرسکتی ہے۔ اس موقع پر ریاستی بی جے پی دلت مورچہ کے صدر ڈی ایس ویریا ، رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے ، سابق وزراء گووند کارجول، بی سوم شیکھر اور دیگر موجود تھے۔