کمٹہ میں ایک نوجوان کی بری طرح پیٹائی ؛مذہبی جلوس پر چپل دکھانے کالگایا گیا الزام؛کمٹہ بند؛ اجازت کے بغیر بائک ریلی؛ پولس نے کی ہلکی لاٹھی چارج

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 18th March 2017, 10:07 PM | ساحلی خبریں |

کمٹہ 18 ؍مارچ (ایس او نیوز) کمٹہ میں دس پندرہ لوگوں کے ایک گروپ نے جمعہ کو  ایک نوجوان کی بری طرح پیٹائی کرنے کے بعد خود اُسے پولس کے حوالے کرتے ہوئے الزام عائد کیا  کہ اس نوجوان نے اُن کے مذہبی جلوس کو چپل دکھایا ہے اور مذہبی جلوس کی بے حرمتی کی ہے۔ نوجوان کی شناخت حذیف حسن شیخ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حُذیف کے خلاف جب ایک فرقہ کے لوگ پولس تھانہ میں جمع ہوئے  تو دوسری طرف حذیف کی حمایت میں بھی اُس کے گھروالوں نے پولس تھانہ جاکر حذیف پر حملہ کرنے والوں کے خلاف معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا، جس پرپولس نے دونوں طرف سے معاملات درج کئے ہیں ۔ پولس نے جب حُذیف کے ساتھ ساتھ حُذیف پر حملہ کرنے والوں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا تو شدت پسند تنظیموں کے کارکن بھڑک اُٹھے اور آج سنیچر کو بند کی آواز لگائی۔

 آج سنیچر کو  شدت پسند تنظیموں کی جانب سے کمٹہ بند کے اعلان پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا، کئی لوگوں نے بتایا کہ آج شہر میں زبردستی بند منانے کے لئے دکانداروں پر دباؤ ڈالا گیا جب کہ پولس نے بند کو ناکام بنانے اور انہیں روکنے کے لئے مستعد نظر آئی۔ بند کے موقع پر شدت پسند تنظیموں کے کارکنوں نے ایک بائک ریلی کا بھی اہتمام کیا جس کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ یہ ریلی پولس کی اجازت کے بغیر نکالی گئی ہے۔ پولس نے بائک ریلی کو روکنے کے لئے ہلکی لاٹھی چارج کا بھی استعمال کیا، جبکہ اس موقع پر پولس کے اعلیٰ حکام اور شدت پسند تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان لفظی جھڑپ بھی ہوئی ۔

حال ہی میں جے ڈی ایس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے دینکر شٹی کو بھٹکل سب ڈیویژن کے ڈپٹی کمشنر شیوکمار سے اُلجھتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان کے کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ متعلقہ نوجوان حُذیف شیخ کو کمٹہ سے شہر بدر کیاجائے۔

اصل معاملہ کیا ہے ؟
موصولہ اطلاع کے مطابق قریب آٹھ نو ماہ قبل بھی حُذیف حسن شیخ پر کچھ لوگوں نے حملہ کیاتھااور الزام عائد کیا تھا کہ اُس نے ایک ہندو لڑکی کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہیں، خبر ملی تھی کہ حذیف اور لڑکی کو کسی پہاڑی پر معاشقہ میں مشغول دیکھ کر لوگوں نے اُنہیں پکڑا تھا اور بالخصوص حُذیف  کی بری طرح پیٹائی کرنے کے بعد پولس تھانہ لے آئے تھے، مگر پولس تھانہ میں  لڑکی نے حُذیف کے حق میں بیان دیتے ہوئے حملہ کرنے والوں کے خلاف ہی پولس میں شکایت درج کروائی تھی ۔اس معاملے میں نو شرپسندوں کے خلاف پولس تھانہ میں حملہ کرنے کا معاملہ درج کیا گیا تھااور پولس نے نو لوگوں کو گرفتار کرلیا تھا، مقامی لوگوں نے بتایا کہ حال ہی میں سبھی نو لوگ ضمانت پر رہا ہوئے تھے اور وہ حُذیف کو نشانہ بنانے کے لئے موقع کی تاک میں تھے۔ خبر ملی ہے کہ حُذیف نے بعد میں اُسی لڑکی کے ساتھ شادی بھی رچائی اور وہ اُسی کے ساتھ رہ رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ کل جمعہ شام کو رام نوامی کا جلوس آرہا تھا،ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جلوس آگے بڑھنے کے بعد کچھ نوجوان زبردستی حُذیف کی موبائل دکان کے اندر گھس گئے اور حذیف کو باہر کھینچتے ہوئے اُس کی پیٹائی شروع کردی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مارپیٹ کے بعد جب حذیف کے حمایتی لوگ حملہ آوروں کے خلاف معاملہ درج کرنے  پولس تھانہ پہنچے تو اُس وقت الزام لگانا شروع کیا گیا کہ حُذیف نے جلوس کو چپل دکھایا تھا، جس کے لئے اُس کی پیٹائی کی گئی ہے، عینی شاہدین کے مطابق حذیف نے نہ کسی کو چپل دکھایا تھا، نہ کسی کو گھور کر دیکھا تھا اور نہ ہی باہر آکر تھوکا تھا، جس کے بارے میں پولس تھانہ میں لوگوں نے الزام عائد کیا ہے۔

اس تعلق سے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع کے ایس پی وسنت راؤ پاٹل نے بتایا کہ کل جمعہ کی شب دونوں گروپوں کی جانب سے معاملات درج کئے گئے ہیں، ایک معاملہ حُذیف کے خلاف رام نوامی جلوس کو  چپل دکھانے اور حالات کو خراب کرنے کی کوشش کرنےکو لے کر درج کیا گیا ہے، تو  اُسی طرح حُذیف پر حملہ کرنے والوں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔

ضلعی ایس پی نے یہ بھی بتایا کہ آج پولس کی اجازت کے بغیر جو بائک ریلی نکالی گئی ہے، اُن احتجاجیوں کے خلاف بھی پولس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔ ایس پی کے مطابق کمٹہ میں حالات کو قابو میں رکھنے کے لئے پولس کی زائد فورس لگائی گئی ہے، بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی شیوکمار کمٹہ میں ہی موجود ہیں اور حالات مکمل قابو میں ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...

بھٹکل میں انجلی نمبالکر نے کہا؛ آنے والےانتخابات بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نہیں ، امیروں اور غریبوں کے درمیان اور انصاف اور ناانصافی کے درمیان مقابلہ

  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان  نہیں ہوگا بلکہ  اڈانی اور امبانی جیسے  سرمایہ داروں  کو تعاون فراہم کرنے والوں اور غریبوں کو انصاف دلانے والوں کے درمیان ہوگا، صاف صاف کہیں تو یہ سرمایہ داروں اور غریبوں کے درمیان  مقابلہ ہے۔ یہ بات ...