مخلوط حکومت میں تبادلوں کا دھندہ جاری:بی جے پی
بنگلورو،6؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے سرکاری افسروں کے تبادلوں میں من مانی کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی رکن کونسل روی کمار نے افسروں اور ملازموں کے تبادلوں کے متعلق قرطاس ابیض جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت میں تبادلوں کا دھندہ چل پڑا ہے اور بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین کے تبادلے من مانی سے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت کے امور پر وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا مکمل طور پر غالب ہیں اور سرکاری افسرو ں کے تبادلوں میں راست طور پر انہیں کی مداخلت ہے، یہاں تک کہ جن وزراء کے پاس محکموں کے قلمدان ہیں ان کو بھی اعتماد میں لئے بغیر افسروں کے تبادلے کئے جارہے ہیں۔ مخلوط حکومت کو باپ بیٹوں کی حکومت قرار دیتے ہوئے روی کمار نے کہاکہ دہلی میں مرکزی وزراء سے ملاقات کرنے کے لئے صرف دیوے گوڈا ، کمار سوامی اور ریونا دہلی پہنچے ہوئے ہیں، کیا ریاست میں کانگریس کے وزراء نہیں ہیں؟۔