کورگ ضلع کی از سر نوتعمیر کے لئے خصوصی اتھارٹی جلد: کمار سوامی 

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 18th October 2018, 12:33 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،17؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے اعلان کیا ہے کہ پچھلے ماہ طوفانی بارش ، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات سے بدحال کورگ ضلع میں باز آباد کاری اور از سر نو تعمیر کے لئے ایک مخصوص اتھارٹی کا قیام عمل میں آئے گا جس کی قیادت وہ خود کریں گے۔

آج مرکیرہ کے گاندھی میدان میں کورگ کے سیلاب زدگان کے ساتھ ایک مذاکرے میں حصہ لیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ کورگ ضلع کی ازسر نو تعمیر کے لئے ایک مختص اتھارٹی قائم کرنے منتخب نمائندوں اور عوام کی طرف سے نمائندگی حکومت کو موصول ہوئی ہے۔ اس نمائندگی کی بنیاد پر ریاستی حکومت نے طے کیا ہے کہ کورگ ضلع کی باز آباد کاری کے لئے سرکاری نظام کے تحت ایک اتھارٹی تشکیل دی جائے جس کی قیادت خود وزیراعلیٰ کریں گے۔ اس اتھارٹی کے ذریعے باز آباد کاری کے کاموں کو تیزی سے انجام دینے میں مدد ملے گی۔کمار سوامی نے بتایا کہ اب تک کورگ ضلع کی باز آباد کاری کے لئے 127کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے کورگ ریلیف فنڈ میں جتنی بھی رقم جمع ہوئی ہے اس کا استعمال صرف کورگ کے متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے ہی کیا جائے گا۔ دیگر مقاصد کے لئے اس رقم کا استعمال قطعاً ہونے نہیں دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اتھارٹی کے ذریعے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ فنڈز کا غلط استعمال ہرگز نہ ہونے پائے۔ بارش کے سبب ضلع میں 800خاندان بے گھر ہوگئے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ان خاندانوں کو عارضی طور پر ماہانہ دس ہزار روپیوں کے حساب سے کرایہ کی رقم دی جارہی ہے۔

کمار سوامی نے کہاکہ قومی آفات سماوی ضوابط کے قطع نظر پہلی بار ریاستی حکومت کی طرف سے متاثرین کو کرایہ ادا کرنے کا قدم اٹھایا گیا ہے۔ مکان کی از سر نو تعمیر کے لئے ایک خاندان کو 8.53لاکھ روپیوں کی رقم دی جائے گی۔ اور اس رقم سے مکانوں کی از سر نو تعمیر کے کام کو جنگی پیمانے پر آگے بڑھایا جائے گا۔ ضلع میں کاشتکاری کو ہوئے بھاری نقصان کے بارے میں کمار سوامی نے کہاکہ محکمۂ زراعت اور باغبانی کے افسروں کو دیگر اضلاع سے تعینات کرکے نقصان کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمار سوامی نے بتایاکہ کورگ ضلع کے متاثرین کے بچوں کی تعلیم کے لئے ایک سال کے خرچ کا پورا ذمہ ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کو جونقصان پہنچا ہے ان کی از سر نو تعمیر کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وقتاً فوقتاً وہ کورگ کا دورہ کرکے راحت کاری کے کاموں کا جائزہ لیتے رہیں گے۔ سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان کے حوصلے بڑھانے کے لئے اس مذاکرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

کمار سوامی نے واضح کیا کہ اس مذاکرے کا مقصد ہرگز سیاست نہیں ہے۔ کورگ ضلع کے متاثرین سے اپنی ہمدردی کے اظہار کے لئے انہوں نے اس مذاکرے کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے علامتی طور پر متاثرین کو 50ہزار روپیوں کی رقم تقسیم کی۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے رکن اسمبلی ایم پی اپچو رنجن نے ضلع کے اراکین اسمبلی کی طرف سے وزیراعلیٰ کمار سوامی کو راحت کاری کے متعلق اپیل پیش کی۔ ضلع کے انچارج وزیر سارا مہیش ، وزیر چھوٹی آب پاشی پٹ راجو ، اراکین اسمبلی کے جی بوپیا ، وینا آچیا ، سنیل سبرامنیا ، ایس ایل بھوجے گوڈا، سری کنٹے گوڈا، ضلع پنچایت صدر ہریش ، بلدیہ کی صدر کاویرما ، ضلع پنچایت نائب صدر لوکیشوری وغیرہ موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔