بہرائچ میں بولے اکھلیش،ہمیں گدھوں کے بارے میں جاننا ہی نہیں ہے!
بہرائچ،22فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوپی انتخابات کے چوتھے مرحلے کی ووٹنگ کل ہے لیکن انتخابی مہم میں ایک دوسرے کو گھیرنے کے لئے تیکھے الفاظ کا استعمال جاری ہے۔بہرائچ میں انتخابی ریلی میں تقریر کے دوران آج وزیر اعلی اکھلیش یادو نے پھر گجرات کے گدھے کا ذکر کیا،تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں گدھوں کے بارے میں جاننا ہی نہیں ہے۔اکھلیش نے کہا کہ گجرات کے وزیر اعلی کہہ رہے ہیں کہ یوپی کے وزیر اعلی کو پتہ ہی نہیں ہے ہمارے گدھوں کے بارے میں، ہم اس بات کو نہیں بڑھانا چاہتے تھے لیکن اگر گجرات کے وزیر اعلی کہہ رہے ہیں تو ہم تو سب کے سامنے کہتے ہیں کہ ہمیں گدھوں کے بارے میں جاننا ہی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک ریلی میں اکھلیش نے کہا تھا کہ گجرات میں تو صدی کے سپر اسٹار سے گدھے تک کی تشہیر کرایا جاتا ہے۔ان کے اس بیان پر بی جے پی نے سخت اعتراض ظاہر کیا تھا،بعد میں گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے کہا کہ اکھلیش کو گجرات کے ان گدھوں کے بارے میں معلومات ہی نہیں ہے۔اکھلیش اسی کا جواب دے رہے تھے۔اکھلیش نے ریلی میں پی ایم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے دوران آپ نے کہا تھا کہ کالا دھن، کرپشن اور دہشت گردی ختم ہو جائے گی لیکن وہ اعداد و شمار کہاں ہیں۔اکھلیش نے کہا کہ پی ایم مودی جنگ ہار چکے ہیں۔بی جے پی ترقی کے مسئلے سے بھاگنا چاہتی ہے۔