دہلی : ہم جماعت نے ایک طالب علم کو چھرا گھونپ کر کیا قتل
نئی دہلی،16؍نومبر (ایس اونیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کل شمال مشرقی دہلی کے ایک سرکاری سکول کے احاطے کے باہر ایک طالب علم کو اپنے ہی ہم جماعت نے چھرا گھونپ کرقتل کردیا۔اس کی اطلاع آ ج پولس نے دی ۔ پولیس کے مطابق نویں جماعت کے طالب علموں کے دو گروپ میں ہوئے جھگڑے کے بعد یہ واقعہ نیو عثمان پور میں پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق ہم جماعتوں نے الزام لگایا کہ جماعت کے دو گروپو ں میں ہوئی لڑائی کومقتول طالب علم نے شہہ دی تھی اور آپس میں لڑائی پر آمادہ کیا تھا ۔ اسی دوران ایک دوسرے ہم جماعت نے مقتول طالب علم کو اپنے جیبی چھرے سے وار کیا ، وار اس قدر شدید تھا کہ زخموں کی تاب نہ لا سکا اور اسپتال میں دم توڑ دیا ، پولس نے اس کی بھی اطلاع دی ہے کہ ملزم طالب علم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس لڑائی اور ہم جماعتوں کے درمیان ہونے والے تنازع کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، پولس نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی اصل حقائق معلوم ہوجائیں گے۔ مقتول طالب علم کے والدین نے اس قتل کی اعلی سطحی تفتیش کی مانگ کی ہے ۔