چین بھی سمجھنے لگا ہے کہ بھارت اب کمزور نہیں رہا،جے شاہ کے معاملے میں تحقیقات کی ضرورت نہیں: راج ناتھ سنگھ
لکھنؤ ،15؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ بھارتی سرحدیں مکمل طورپرمحفوظ ہیں اور پڑوسی ملک چین کو بھی یہ احساس ہوگیا ہے کہ بھارت اب کمزور نہیں رہا ہے۔حالانکہ ڈوکلام میں سڑک بنانے کی خبروں اوراس پرراہل گاندھی کے سوال پروہ خاموش رہے ۔راج ناتھ سنگھ نے یہاں’ بھارتی لودھی مہا سبھا ‘کے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ڈوکلام تنازعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاں:بھارت کی حدود مکمل طور پر محفوظ ہیں اور چین بھی سمجھنے لگا ہے کہ بھارت اب کمزور نہیں رہاہے، بھارتی کی فوجی طاقت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے‘ ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے امت شاہ کے بیٹے پر لگے الزامات کو بے بنیاد بتاتے ہو ئے کہا کہ جے شاہ کی کمپنی کے تعلق سے کسی طرح کی تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہاجب سے مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں’ حکومت‘ بنی ہے بھارت دنیا کا طاقتور ملک بن گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھارت کا امیج بہتر ہوا ہے ۔ سنگھ نے کہا’’ پاکستان بھارت میں دہشت گردانہ کاروائیوں کے لئے دہشت گردوں کو بھیجتا ہے ،وہ ہندوستان کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے؛ لیکن ہمارے سیکورٹی فورسز روز دو چار دہشت گردوں کو ڈھیر کر رہے ہیں۔واضح ہو کہ کانگریس کے دور میں ہی افضل گرو او رعامر اجمل قصاب جیسے دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی ہے ۔