فرقہ پرستوں کو قابو میں کرنا ہی ہمارا مقصدہے۔ ٹیپو جینتی کا انعقاد ہر حال میں ہوگا: مینگلور میں سدارامیا کا بیان
منگلورو ،23؍اکتوبر (ایس او نیوز)سماج میں بدامنی اور آپسی نفرت پھیلانے والے اور بھائی چارگی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے فرقہ پرستوں پرلگام کستے ہوئے بھوک اور افلاس سے آزاد ایک ماڈل اسٹیٹ کا قیام ہی ہمارا مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرا علیٰ سدارامیانے بی سی روڈ پرکے ایس آر ٹی سی بس اسٹانڈ کے احاطے میں 252 کروڑ روپے کے تعمیری منصوبے کی بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔مسٹر سدارامیا نے کہا کہ ریاست کے غریب عوام کو بھوک و فاقے سے راحت دلانے کے لئے حکومت نے انّا بھاگیہ اسکیم کے علاوہ اب اندرا کینٹن اسکیم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔
سنگھ پریوار کی پالیسیوں اور سرگرمیوں پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا فرقہ پرستوں کو ہر گز بر سراقتدارنہ لائیں۔سنگھ پریوار دیش کو تقسیم کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے اور مرکز کی مودی سرکار اس کی پشت پناہی کررہی ہے۔سنگھ پریوار والے ساحلی علاقے کو ہندوتووادی اپنی لیباریٹری میں بدلنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں لیکن یہاں کے عوام کو چاہیے کہ ان کے منصوبوں کوکامیاب نہ ہونے دیں۔
وزیراعظم نریندرا مودی کی من کی بات پر طنز کرتے ہوئے سدارامیانے کہا کہ ہمارے پاس من کی نہیں' کام کی بات' ہے، کیونکہ ہم نے جو 165 انتخابی وعدے کیے تھے اس میں سے 155وعدے ہم نے اب تک پورے کردئے ہیں۔جبکہ اس سے پہلے یڈی یورپا کی قیادت میں ریاست کی بی جے پی سرکار نے صرف25فیصد وعدے ہی پورے کیے تھے۔
سنگھ پریوار کی طرف سے ٹیپو جینتی کی مخالفت کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مرتبہ بھی ٹیپو جینتی کا انعقاد ہوکر ہی رہے گا۔حکومت کی طرف سے والمیکی، نارائن گرو،سری کرشنا، ابّاکّا،کیمپے گوڈا وغیرہ کی جینتی جس طرح منائی جاتی ہے اسی طرح ٹیپو جینتی بھی منائی جانی چاہیے۔ٹیپو ایک محب وطن اور تاریخی شخصیت ہے جنہوں نے انگریزوں کے خلاف آزادی کی جنگ چھیڑی تھی۔انہوں نے ٹیپو جینتی کے مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو تاریخ نہیں جانتے وہ دیش کا مستقبل کیا خاک بنائیں گے۔