کمار سوامی کا متوازن بجٹ مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ، کسانوں کے قرضے معاف کرنے رقم متعین ، زرعی قرضوں کی نئی اسکیم متعارف ، شہری علاقوں کی ترقی پر زور

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 9th February 2019, 11:30 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،9؍جنوری(ایس او نیوز) بی جے پی کی طرف سے کانگریس اور جے ڈی ایس اراکین اسمبلی کی وفاداری خریدنے اور مخلوط حکومت کو کمزور کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے جوش میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج اپنا دوسرا بجٹ پیش کیا، جس میں ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے لئے متعدد نئے منصوبوں اور عوامی فلاحی اسکیموں کا اعلان کیا ۔ خشک سالی سے بدحال کسانوں کی مدد کے لئے ان کے قرضوں کی معافی کے مقصد سے 12500 کروڑ روپے بجٹ میں مہیا کرانے کے ساتھ دیگر کمزور طبقات کی فلاح کے لئے بھی بجٹ میں نئے اعلانات کئے گئے۔ شہری و دیہی ترقیات پر متوازن ترجیح دینے والے بجٹ میں جہاں راجدھانی بنگلور کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے وہیں دیہاتوں میں حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

کمار سوامی نے آج جو بجٹ پیش کیا اس کا حجم 2.34لاکھ کروڑ روپیوں کا رہا۔ اس میں ریاستی حکومت کے محصولات 1.81لاکھ کروڑ کے رہیں گے، جبکہ قرضے 48ہزار کروڑ روپیوں کا رہے گا۔سرمایہ کاری بھی 48ہزار کروڑ روپیوں سے زیادہ کی رہے گی۔ شعبۂ زراعت کے لئے بجٹ میں 6500کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ زراعت اور اس سے جڑے شعبوں کے لئے بجٹ کا مجموعی گرانٹ 46ہزار کروڑ روپیوں سے زیادہ کا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے بجٹ میں چار نئے تعلقہ جات کے قیام کا بھی اعلان کیا، ان میں رام نگرم ضلع کے ہارو ہلی ، چکبالاپور ضلع میں چیلور ،باگلکوٹ ضلع میں تردال اور چکمگلور ضلع میں کلسا شامل ہے۔ بجٹ پیش کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے یہ کوشش کی ہے کہ ہر علاقے کی ترقی کی جانب متوازن توجہ دی جائے ، اسی لئے تمام شعبوں کونظر میں رکھا گیا ہے۔ کسانوں کی مدد کے لئے جہاں حکومت نے زیورات کے عوض قرضوں کی نئی اسکیم متعارف کروائی ہے اس اسکیم کے فصلوں کے لئے کسانوں کو زیورات کے عوض تین فیصد شرح سود پر قرضے دئے جائیں گے۔ اس کے لئے بجٹ میں530 کروڑ روپیوں کا گرانٹ مقرر کیاگیا ہے۔ شہر بنگلور کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ تیزی سے پھیلتے ہوئے بنگلور کو ہمہ جہت ترقی سے درکنار کرنے کے لئے عالمی درجے کا انفرااسٹرکچر مہیا کرایا جائے گا۔ رواں سال شہر کی ترقی کے لئے 8015 کروڑ روپیوں کی لاگت پر منصوبوں کو عملی شکل دی جائے گی۔ ان میں آلودگی کی روک تھام ، گندگی کی نکاسی ، سڑکوں کی تعمیر وترقی کے ساتھ شہر میں ٹریفک کو سہل کرنے کے لئے 172 فلائی اوورس اور گریڈ سپریٹرس وغیرہ کی تعمیر شامل ہے۔ شہر میں پارکنگ ایک پیچیدہ مسئلہ بنی ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ نے بی بی ایم پی کو دی گئی رقم کے ذریعے پارکنگ کے نظام کو سہل کرنے کا اعلان بھی کیا ہے اور کہا کہ شہر میں بالائی سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک ہزار کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی گئی ہے۔ شہر میں روشنی کے انتظام کو بہتر بنانے کے لئے اسٹریٹ لائٹوں پر پانچ لاکھ ایل ای ڈی بلب لگانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہر کے مصروف ترین کہلائے جانے والے بریگیڈ روڈ اور کمرشیل اسٹریٹ پر گاڑیوں کی آمد ورفت ممنوع قرار دی جائے گی۔ اور انہیں راہگیروں کے لئے مخصوص سڑک قرار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں دس ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے سہولت مہیا کرانے کی غرض سے اسمارٹ پارکنگ نظام لاگو کیاجائے گا۔ اس میں 87 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جلد ہی ان مقامات پر ہمہ منزلہ اسمارٹ پارکنگ نظام رائج ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ ہبال اور کے آر پورم میں فلائی اوورس کی توسیع کے ساتھ گرگنٹے پالیہ میں ٹریفک کے اژدہام کو کم کرنے کے لئے ایک انڈر پاس تعمیر کیاجائے گا۔ مضافاتی ریل کے منصوبے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس پر 23093کروڑ روپیوں کی لاگت آرہی ہے، اس پراجکٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے، ہبال ، بیپنا ہلی ، گارڈگوڈی ، چلگٹہ اور پینیا علاقوں کو جوڑنے کے منصوبے کو عملی شکل دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے اہم علاقوں یشونت پور ، بنشنکری ، پینیا اور دیگر مقامات کو میٹرو سے جوڑا جائے گا اور یہاں کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ میسور اور ہبلی دھارواڑ میں میٹرو خدمات شروع کرنے کے منصوبوں کا سروے جلد شروع کیا جائے گا۔ سنٹرل سلک بورڈ سے کے آر پورم اور ہبال سے ایرپورٹ تک میٹرو کے لئے وزیراعلیٰ نے بجٹ میں16ہزار کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 50میٹرو ٹرینوں کو تین کوچ سے بڑھاکر چھ کوچ میں تبدیل کیاجائے گا۔ دس میٹرو اسٹیشنوں پر بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی چارجنگ کے اسٹیشن قائم کئے جائیں گے، یشونت پور ریلوے اسٹیشن اور میٹرو اسٹیشن کے درمیان راہگیر پل تعمیر کیا جائے گا۔ معمر افراد کی سہولت کے لئے وزیراعلیٰ نے ایک نئی اسکیم متعارف کرواتے ہوئے ان کے ماہانہ پنشن 600 روپیوں سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا۔ سندھیا سرکشا اسکیم کے تحت بھی ماہانہ پنشن اب ایک ہزار روپے ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے دال دانوں کی پیداوار کو بجٹ میں بڑھاوا دینے کے لئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پیداوار کرنے والے کسانوں کو فی ہیکٹر دس ہزار روپیوں کی رقم حکومت کی طرف سے دی جائے گی۔ بے روزگار نوجوانوں کو وزیر اعلیٰ روزگار کی تربیت کی اسکیم کا اعلان کیا اور کہا کہ دس ہزار نوجوانوں کو خصوصی طور پر مرغیوں کی فارمنگ کی تربیت دی جائے گی۔

سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا کے حلقے بادامی میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے تین سو کروڑ روپیوں کے منصوبے کا اعلان کیاگیا۔ وزیر اعلیٰ نے کیرلا کے طرز پر ریاست میں قرضہ معافی کمیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ بڑورا بندھو اسکیم کے تحت سڑکوں پر تجارت کرنے والوں کو قرضے فراہم کرنے کی اسکیم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کمار سوامی نے اس اسکیم کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ریاست میں ہاؤزنگ اسکیم کو تقویت دینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2019-20کے دوران مختلف اسکیموں کے تحت چار لاکھ مکانوں کی تعمیر کا نشانہ مقرر کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لئے ایک مخصوص ہاؤزنگ اسکیم سارتھیا سورو کے نام سے متعارف کروائی گئی ہے، 50کروڑ روپیوں کی لاگت پر مکان تعمیر کرکے کرایے پر دئے جائیں گے۔ اسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں کام کرنے والے آشا کارکنوں کے ماہانہ وظیفے میں پانچ سو روپیوں کی اضافے کا اعلان کیا اور کہاکہ یکم نومبر 2019 سے یہ اضافہ لاگو ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام فرسٹ گریڈ کالجوں میں زیر تعلیم طلبا ء کو ہنر مندی سے متعارف کروایا گیا جائے گا۔ شعبۂ تعلیم کی طرف توجہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ریاست بھر کے سرکاری اسکولوں میں انگریزی میڈیم تعلیم لازمی قرار دینے کااعلان کرنے کے ساتھ پہلی سے دسویں جماعت تک مکمل انگریزی میڈیم تعلیم کے سو اسکول قائم کرنے کا بھی بجٹ میں اعلان کیا۔

ایک نظر اس پر بھی

کرناٹک کی کانگریس حکومت کا اہم قدم؛ ملازمتوں اورتعلیمی اداروں میں ریزرویشن کے لیےمسلمانوں کو کیا او بی سی میں شا مل

کرناٹک کی کانگریس حکومت نے ریاست کے مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن دینے کے  مقصد سے  او بی سی  (یعنی دیگر پسماندہ طبقات) کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ اس تعلق سے  معلومات فراہم کرتے ہوئے  نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (NCBC) نے بدھ کو کرناٹک حکومت کے اعداد و ...

بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے: وائی ایس شرمیلا ریڈی

کانگریس کی آندھرا پردیش یونٹ کی صدر وائی ایس شرمیلا ریڈی نے منگل کو بی جے پی پر مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کو ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ بتاتے ہوئے انہوں نے ایسی پارٹی سے تعلق برقرار رکھنے پر وزیر اعلیٰ وائی ایس سے کہا کہ ۔ جگن موہن ریڈی اور ٹی ڈی پی ...

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...