باغ کے گڑھے میں گری ہوئی بکری کو بچانے والا خود ہوگیا موت کا شکار
چکبالاپور25؍جنوری (ایس او نیوز)ایک المناک واقعے میں باغ کے گڑھے میں گری ہوئی اپنی بکر ی کی جان بچانے والا ایک شخص خود گڑھے سے باہر نکل آنے میں ناکام ہوگیا اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق چکبالاپور ضلع کے شیڈل گھٹا نامی مقام پر پیلّا وینکٹورنپّا اپنی بکریوں کے ریوڑکوچرنے کے لئے چھوڑ رکھا تھا۔ اس وقت پاپنّا نامی شخص کی ملکیت والے باغ میں موجود پانی کے گڑھے میں وینکٹورنپا کی ایک بکری گر گئی۔ اس نے گڑھے میں کود کر بکری کو اوپر پھینک دیااور اس کی جان بچالی۔ لیکن اس گڑھے سے وینکٹورنپا خود باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہوسکااور وہیں پر اس نے دم توڑدیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے اور مقامی افراد کے تعاون سے وینکٹورنپا کی لاش گڑھے سے باہر نکالی گئی۔ پولیس کے افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کرلیا ہے۔