سی بی آئی بمقابلہ سی بی آئی: آلوک ورما نے سی وی سی کی رپورٹ پر سپریم کورٹ کو سونپا جواب
نئی دہلی:19/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سی بی آئی کے چھٹی پر بھیجے گئے ڈائریکٹر آلوک کمار ورما نے خود پر عائد بدعنوانی کے الزامات کو لے کر مرکزی ویجلنس کمیشن کی ابتدائی رپورٹ پر اپنا جواب داخل کر دیا ہے۔ ورما نے پیر کی دوپہر سیل بند لفافے میں سپریم کورٹ کو اپنا جواب سونپا۔ اس کیس میں عدالت منگل کو سماعت کرے گی ۔عدالت نے اس سے پہلے صبح آلوک ورما سے کہا تھا کہ وہ سی وی سی کی رپورٹ پر آج ہی سیل بند لفافے میں اپنا جواب داخل کریں۔یہی نہیں کورٹ نے واضح طور پر کہا تھا کہ اس معاملے کی سماعت منگل کو ہی کی جائے گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والے بنچ کے سامنے ورما کے وکیل گوپال شنکر نارائن نے جواب دائر کرنے کے لئے پیر کی صبح جب ایک وقت دینے کی درخواست کی تو عدالت نے منگل کو سماعت کا پروگرام ملتوی کرنے سے انکار کر دیا۔ ورما کے وکیل گوپال نے بتایا کہ تاہم ہم نے عدالت سے ایک وقت مزید دینے کی درخواست کی تھی۔ ورما کا جواب سیل بند لفافے میں عدالت کے رجسٹرار جنرل کو شام ایک بجے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے سی بی آئی ڈائریکٹر کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر سی وی سی کی ابتدائی رپورٹ پر 16 نومبر کو آلوک ورما کو سیل بند لفافے میں پیر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ کورٹ نے کہا تھا کہ سی وی سی نے اپنی جانچ رپورٹ میں بہت ہی’’ منفی‘‘ تبصرے کیے ہیں اور وہ کچھ الزامات ہیں ان انکوائری کرنا چاہتے ہیں ۔ جس کے لئے مزید وقت درکار ہے۔عدالت نے سی بی آئی سربراہ آلوک ورما کے تمام حقوق واپس لینے اور انہیں چھٹی پر بھیجنے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج دینے والی ورما کی عرضی پر سماعت کے دوران گزشتہ جمعہ کو یہ ہدایت دی تھی۔