سی بی آئی کو نہیں پتہ، نیرو مودی اس وقت کہاں ہے
نئی دہلی 12جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) ملک چھوڑ کر بھاگ چکا اربوں روپے کے گھوٹالے کا ملزم ڈائمنڈ کاروباری نیرو مودی کہاں ہے، بھارتی حکومت کو فی الحال اس کی معلومات نہیں ہے۔ سی بی آئی ذرائع کے حوالے سے یہ خبر ایسے وقت میں آئی ہے جب ایک میڈیا رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ نیرو مودی برطانیہ میں ہے اور وہاں اس نے بھارت میں سیاسی انتقام کا دعوی کرتے ہوئے سیاسی پناہ کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ نیرو مودی پر اپنے رشتہ دار چوکسی کے ساتھ مل کر پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ 13ہزار کروڑ روپے سے زیادہ دھوکہ دہی کرنے کا الزام ہے ۔ سی بی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ایجنسی کے پاس معلومات نہیں ہے کہ نیرو مودی اب کہاں ہے۔ ذرائع کے مطابق جس ملک میں بھی نیرو مو دی کے موجود ہونے کی اطلاع ملے گی، آگے کی کارروائی فورا شروع کر دی جائے گی۔ اس سے پہلے پیر کو ایک انگریزی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا، 'بھارت اور برطانیہ کے افسران کہہ رہے ہیں کہ وہ لندن میں ہے۔ یہاں اس کی کمپنی کا ایک اسٹور ہے۔ وہ یہاں سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ کے ایک سینئر افسر کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ ہمیشہ ایسے پیچیدہ کیس ہوتے ہیں جو بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات میں قدرے کشیدگی پیدا کرتے ہیں لیکن حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ ہمارے پاس قانونی عمل اور انسانی حقوق کے قانون ہیں جن پرعمل ہونا چاہئے۔