نوٹ بندی کے’کال‘ میں رابڑی دیوی نے جمع کرائے تھے 10 لاکھ روپے، تفتیش کے لئے پہنچی سی بی آئی ٹیم
پٹنہ22مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) منگل کو سی بی آئی کی ایک ٹیم پھر راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو یادو کی رہائش گاہ پر پہنچی۔ یہ ٹیم سابق وزیر اعلیٰ اور اب قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کی لیڈر رابڑی دیوی سے پوچھ گچھ کے لئے آئی تھی۔ سی بی آئی کی ٹیم نوٹ بندی کے بعد پٹنہ کے ایک بینک میں رابڑی دیوی کی جانب سے 10لاکھ روپے جمع کرائے جانے کے متعلق پوچھ گچھ کرنے گئی تھی۔ دراصل عوامی بینک کی گزشتہ ڈیڑھ سالوں سے سی بی آئی تفتیش کر رہی ہے۔ جانچ بینک میں کئی فرضی اکاؤنٹس کے ذریعہ کروڑوں جمع کرائے جانے کے بعد کی گئی تھی۔سی بی آئی اس معاملے میں رابڑی دیوی کو گواہ کے طور پر فی الحال مان رہی ہے۔ یہ ایک اتفاق ہے کہ منگل کو عوامی بینک کے سلسلے میں رابڑی دیوی سے پوچھ گچھ کرنے پہنچی اسی دن ان کی بڑی بیٹی میسا بھارتی کی سالگرہ بھی تھی۔ عوامی بینک سے لالو یادو نے میسا بھارتی کے شادی میں قرض لیا تھا جس پر کافی تنازعہ بھی ہوا تھا ۔