بھٹکل 21/جنوری (ایس او نیوز) پڑوسی علاقہ شیرور نیشنل ہائی وے پر ایک کار کی ٹکر میں بائک سوار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت محمد راشد ابن محمد مشتاق (21) کی حیثیت سے کی گئی ہے جو شیرور بخاری کالونی کا رہنے والا تھا۔
بیندور میں کبڈی میچ دیکھنے کے بعد رات قریب ایک بجے وہ بائک پر سوار واپس اپنے گھر شیرور آرہا تھا کہ شیرور گرین ویلی نیشنل اسکول کے قریب ہی ایک کار نے اس کی بائک کو تیزرفتاری کے ساتھ ٹکر ماردی۔ ٹکر لگتے ہی محمد راشد سڑک پر گرا، اور سر کو گہری چوٹ لگنے کی وجہ سے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
حادثے کے بعد نعش بیندور سرکاری اسپتال لے جائے گئی تھی، آج پیر صبح قریب گیارہ بجے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش گھروالوں کی حوالے کی گئی ۔قریب ڈھائی بجے شیرور عائشہ جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد قریبی سید احمد بخاری قبرستان میں اس کی تدفین عمل میں آئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ محمد راشد کے والد کا پہلے ہی انتقال ہوچکا ہے، اس کی ایک ہی بہن تھی، وہ بھی پہلے ہی فوت ہوچکی ہے، بتایا گیا ہے کہ محمد راشد چھوٹا موٹا کام کرکے اپنا اور اپنی ماں کا خیال رکھ رہا تھا، اب راشد کے بھی چل بسنے کے بعد ماں اب بالکل بے سہارا ہوگئی ہے۔ اللہ اس کی مدد فرمائے اور اسے صبر جمیل عطا فرمائے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی کثیر تعداد میں لوگوں نے اس کے گھر پہنچ کر گھروالوں کے ساتھ تعزیت کی اور راشد کے لئے مغفرت کی دعائیں کرتے ہوئے ماں کے لئے بھی صبر جمیل عطا کرنے کی دعائیں کیں۔
بیندور پولس تھانہ میں حادثہ کے تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے۔