بورنگ اسپتال کا شعبۂ زنانہ امراض گوشہ اسپتال منتقل ہوجائے گا؛سرکاری سہولیات سے بھرپور استفادہ کرنے روشن بیگ کی اپیل

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 21st September 2017, 11:52 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،21؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)شہر کے قلب میں واقع بورنگ اینڈ لیڈی کرزن اسپتال کے احاطہ میں میڈیکل کالج کی عالیشان عمارت تیار کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی منظوری کے ساتھ ہی کام شروع کرنے کیلئے تیاریاں بھی بڑے پیمانے پر ہونے لگی ہیں۔وزیر شہری ترقیات وحج اور مقامی رکن اسمبلی جناب روشن بیگ کی خصوصی جدوجہد سے شہر کے بورنگ اسپتال کے احاطہ میں بورنگ اینڈ لیڈی کرزن میڈیکل کالج کے قیام کو ریاستی حکومت کی طرف سے نہ صرف منظوری ملی، بلکہ اس پراجکٹ کیلئے 180کروڑ روپیوں سے زیادہ کی رقم بھی کابینہ کی طرف سے منظور کی جاچکی ہے۔وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ہاتھوں عنقریب اس مجوزہ میڈیکل کالج کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اسی کی تیاریوں کے سلسلے میں آج بورنگ اسپتال کے کوآرڈینیٹنگ آفیسر خواجہ محی الدین نے اطلاع دی کہ بورنگ اسپتال میں موجود ویمنس امراض کا شعبہ 25؍ ستمبر 2017 سے حاجی سر اسماعیل سیٹھ گوشہ اسپتال میں منتقل ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اس اسپتال میں خواتین کے امراض کا علاج، زچگی اور دیگر سہولیات کیلئے 120 بستر مہیا کرائے گئے ہیں۔ بورنگ میڈیکل کالج کے تحت ہی آنے والے اسپتال میں زنانہ امراض کی تدریس کیلئے تین الگ الگ یونٹ قائم کئے جائیں گے اور یہاں ہمہ وقت 15تا 20 ڈاکٹر ہر یونٹ میں متعین رہیں گے۔ اس اسپتال میں نوزائدہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے دس بستروں پر مشتمل این آئی سی یو بھی بنائی گئی ہے۔ اسی طرح سنگین حالات میں داخل ہونے والی خواتین کے فوری علاج کیلئے زچگی کیلئے مختص چار بستروں پر مشتمل آئی سی یو وارڈ اور زچگی کیلئے دس بستروں پر مشتمل لیبر وارڈ کے ساتھ ایک ایمرجنسی آپریشن تھیٹر اور دو عام آپریشن تھیٹر مہیا کرائے گئے ہیں۔ حاجی سر اسماعیل گوشہ اسپتال میں داخل ہونے والی خواتین کو تمام سرکاری فلاحی اسکیموں بشمول یشسوینی ، بی پی ایل ، ایس سی/ایس ٹی ، تائی بھاگیہ وغیرہ کی سہولتیں دی جائیں گی۔اس اسپتال میں 24گھنٹے ایمبولنس کی خدمات دستیاب رہیں گی۔ ایکسرے ، آئی سی یو ، این آئی سی یو ، بلڈ بینک، لیباریٹری اور اسکیاننگ کی سہولیات بھی حاصل رہیں گی۔ جناب روشن بیگ نے گوشہ اسپتال میں اس یونٹ کی منتقلی کو بہتر سہولیات کی طرف ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے اپنے حلقہ کے عوام بالخصوص خواتین سے گذارش کی ہے کہ یہاں پر دستیاب سہولیات کابھرپور استفادہ کریں اور نجی اسپتالوں میں بے جا اصراف اور غیر ضروری پریشانیوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھتے ہوئے سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہاکہ بورنگ اسپتال کی کثیر منزلہ عمارت مکمل ہونے کے بعد بورنگ اور گوشہ اسپتال کا شمار ملک کے چند سوپر اسپیشالٹی اسپتالوں میں کیاجائے گا۔ بورنگ اسپتال کے احاطہ میں مریضوں کی خدمت کیلئے 14منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی، جہاں پر میڈیکل کالج کے ذریعہ سالانہ 150 سے زائد طلبا بحیثیت ڈاکٹر فارغ ہوں گے اور ساتھ ہی اس کالج میں ڈاکٹروں کی کثرت اتنی ہوگی کہ مریضوں کو علاج کیلئے کسی بھی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس میڈیکل کالج کی وجہ سے بورنگ اسپتال کو علاج کی اتنی ساری سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی جو کسی سوپر اسپیشالٹی اسپتال میں ہی فراہم ہورہی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ان کا منشاہے کہ بورنگ اور گوشہ اسپتال میں ہر طرح کے مرض کا علاج آسانی سے مہیا کرایا جائے اور یہاں آنے والے مریضوں کو کسی بھی پریشانی کے بغیر علاج کی سہولت دستیاب ہو۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔