خدمت خلق میرے لئے عبادت ہے: روشن بیگ،بورنگ میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد پر رسل مارکٹ میں تہنیتی جلسہ سے عمائدین کا خطاب

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 10th November 2017, 12:09 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،9؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)وزیر برائے شہری ترقیات وحج آر روشن بیگ نے بتایا کہ سماجی خدمت ان کا نصب العین ہے ، اور وہ خدمت خلق کو عبادت سمجھتے ہیں۔ بورنگ اینڈ لیڈی کرزن میڈیکل کالج وریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی منظوری اور سنگ بنیاد پر حلقہ کے عوام اور خیر خواہوں کی جانب سے شیواجی نگر کے رسل مارکیٹ میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ انہوں نے سماجی زندگی کا آغاز اسی بورنگ ولیڈی کرزن اسپتال سے کیاتھا۔ اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اپنی پہلی انتخابی ریلی کے دوران انہوں نے کہاتھاکہ ان کی خدمات سے قوم کا سر فخر سے او نچا ہوگا اور شاید یہ گھڑی اب آگئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں تجارت چل رہی ہے، جہاں پر مریض کا داخل ہونا مشکل ہوگیا ہے، پرائیویٹ اسپتال بھی فائیو اسٹار ہوٹل بن گئے ہیں۔ متوسط اور غریبوں کا یہاں کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ مریض فوت ہوبھی جائے تو وینٹی لیٹر پر رکھ کر پیسے لوٹنا ہی پرائیویٹ اسپتالوں کا کاروبار بن گیاہے، ان سب چیزوں کو دیکھتے ہوئے انہوں نے بنگلور میڈیکل کالج کے بعد ایک کروڑ سے زائد کی آبادی والے شہر بنگلور میں دوسرے میڈیکل کالج کے قیام کی جدوجہد شروع کی اور بورنگ ولیڈی کرزن اسپتال میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کیلئے کافی جدوجہد کے بعد منظوری حاصل کی۔ یہاں پر ہر طرح کی طبی سہولیات مہیا رہیں گی،اور غریبوں کے علاج میں اس سے کافی آسانی ہوگی۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ انہوں نے وی کے عبیداﷲ اسکول میں تعلیم کا آغاز کیاتھا ،وہ آج عظیم الشان عمارت میں تبدیل ہوگئی ہے۔ اسی طرح گوشہ اسپتال کو امراض نسوان کیلئے ریاست کا مرکز بنانے کی جدوجہد جاری ہے۔ جہاں پر خواتین کے پوشیدہ امراض کے علاوہ نومولود بچوں کے تمام امراض کا علاج ممکن ہوسکے گا۔ براڈوے روڈ پر ڈاکٹر دیوی شٹی کے تعاون سے ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کا قیام عمل میں آرہاہے، جس کا افتتاح دو ماہ کے اندر کردیا جائے گا،جہاں امراض قلب کا علاج ہوگا۔ اسی طرح وی کے عبیداﷲ اسکول کے طرز پر سرکاری تمل اسکول کو نجی شراکت سے ترقی دینے کی کوشش جاری ہے، جبکہ بھارتی نگر کے بی بی ایم پی کمیونٹی ہال کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے منصوبے کو بھی منظوری ملی ہے۔انہوں نے بتایاکہ شہر میں میٹرو منصوبے کی توسیع کے تحت شیواجی نگر کے چھوٹا میدان میں زیر زمین میٹرو اسٹیشن کے قیام کو منظوری ملی ہے، انہوں نے واضح کیاکہ اس منصوبے سے چھوٹا میدان کو کسی بھی طرح کا نقصان نہیں ہوگا، بلکہ اسے مزید خوبصورت بنایا جائے گا ۔حسب سابق یہاں عیدین کی نمازیں بھی ادا کی جائیں گی اور میلاد کے جلسے بھی ہوں گے اور کھیل مقابلے بھی حسب معمول چلتے رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ شیواجی نگر حلقہ کی ترقی کیلئے انہوں نے کئی منصوبے جاری کئے ہیں ۔اگلے تین چار ماہ میں یہاں کے عوام خود نظارہ کریں گے کہ شیواجی نگر کا نقشہ کتنا خوبصورت ہوگا۔رسل مارکیٹ اور چوک کا منظر نامہ بھی بین الاقوامی معیار کا بنایا جائے گا۔بورنگ اسپتال اور گوشہ اسپتال کو میٹرو سے جوڑنے کیلئے ٹیونل کی تعمیر کی تجویز پر وزیر اعلیٰ نے موثر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ عنقریب اس منصوبے کو بھی منظوری حاصل ہونے کی توقع ہے۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ انہیں خدمت خلق وراثت میں ملی ہے، ہمیشہ ان کے والدانہیں تاکید کیا کرتے تھے کہ غریبوں کی خدمت کریں۔ جس پر وہ آج بھی عمل پیرا ہیں،اور اپنے بچوں بالخصوص رومان بیگ کو بھی اسی نہج پر چلنے کی تاکید کررہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ان سے ملاقات کیلئے اپائنٹمنٹ کی کوئی ضرورت نہیں ، ہر کوئی ان سے ملاقات کرسکتا ہے اور اپنے مسائل بیان کرسکتا ہے۔ اس موقع پر جواں سال قائد آر رومان بیگ نے بتایاکہ وہ بھی سماجی خدمات میں اپنے والد اور دادا کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ خصوصی طور پر صحت عامہ کے شعبے میں توجہ مبذول کرتے ہوئے حال ہی میں راجیواتسوا کے موقع پر وی کے عبیداﷲ اسکول میں ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیاتھا۔ جس میں ہزاروں مستحق مریضوں نے حصہ لیتے ہوئے استفادہ کیا۔ کاپوریٹر وبی بی ایم پی ٹیکس اینڈ فائنانس کمیٹی کے چیرمین ایم کے گنا شیکھر نے بتایاکہ آج کا دن شیواجی نگر کی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔انہوں نے بتایاکہ جس وقت شہر میں سارک کانفرنس منعقد ہوئی اس وقت وی آئی پی مریضوں کیلئے اسپتال کے انتخاب کا عمل درپیش ہوا تو وکٹوریہ اسپتال کا نام تجویز کیا گیا ،اسی وقت جناب روشن بیگ نے مداخلت کرتے ہوئے ودھان سودھا سے قریب واقع بورنگ اسپتال کا انتخاب صرف اس لئے کروایا، کیونکہ اگر وی آئی پی مریضوں کاعلاج اس اسپتال میں کیاگیا تو یہاں پر جدید آلات مہیا کرائے جائیں گے جو مستقبل میں غریب مریضوں کے کام آئیں گے۔بورنگ میڈیکل کالج وریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سنگ بنیاد کے علاوہ جناب روشن بیگ کی دیگرخدمات کو بھی لوگ کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔ بھارتی نگر کے کارپوریٹر شکیل احمد نے میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کو تاریخی کارنامہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس میڈیکل کالج کے سبب شیواجی نگر علاقہ کی شناخت بالکل بدل جائے گی۔ بلاک کانگریس صدر کرشنے گوڈا نے بھی اسے تاریخی کارنامہ قرار دیتے ہوئے بتایاکہ جناب روشن بیگ کسی محدود فرقہ کے قائد نہیں ،بلکہ ان کے شیدائیوں میں تمام طبقات کے لوگ برابر شامل ہیں اور انہوں نے بھی کبھی محدود فرقہ کی نمائندگی نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں اپنا محبوب قائد تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اگلے انتخابات میں جناب روشن بیگ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانا شیواجی نگر کے عوام کی ذمہ داری ہے۔ بھارتی گر بلاک کانگریس صدر راجیندرا نے بھی خطاب کیا۔ نامزد کارپوریٹر مرگا ، سماجی کارکن اشتیاق احمد، سمپنگی رام نگر کے کارپوریٹر وسنت کمار، ریاستی اقلیتی کمیشن کے رکن مہندر جینت ،کرناٹکا رکشنا ویدیکے کے بسوراج اور دیگر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب روشن بیگ کے تاریخی کارناموں پر مبارکباد دی اورکہا کہ انہیں اگر اس کا صحیح صلہ دینا ہے تو حلقہ کے ووٹروں کا فرض ہے کہ انہیں اپنا ووٹ دیکر دوبارہ کامیاب بنائیں۔ تقریب میں جناب روشن بیگ کے سینکڑوں حامیوں اور ملی وسماجی تنظیموں نے زبردست تہنیت پیش کی۔ جن میں جلوس محمدیؐ کمیٹی ،اسٹیفن اسکوائر مرچنٹ اسوسی ایشن، محمدیہ کنڑا ویدیکے، مسجد طٰہٰ ٹرسٹ متی کیرے، پرائم کیئر اسپتال، سنتوش اسپتال، رسل مارکیٹ مرچنٹ اسوسی ایشن سمیت کئی نامور ادارے اور سماجی کارکن شامل تھے۔جلسہ کی نظامت محمد اعظم شاہد نے کی۔ اجلاس کے بعد معروف گلوکار محمد اسلم اور ٹیم نے سدا بہار نغمے پیش کئے اوریہ پروگرام دیر رات تک جاری رہا۔

ایک نظر اس پر بھی

گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت مودی حکومت کے بدعنوانی ختم کرنے کے دعووں کی قلعی کھول رہی: کانگریس

کانگریس نے 35 ہزار کروڑ روپے کے غیر قانونی خام لوہا کانکنی گھوٹالہ کے ملزم جناردن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر آج زوردار حملہ کیا۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹالہ باز جناردن ریڈی کی بی جے پی ...

منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے 

'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

تنازعات میں گھرے رہنے والے اننت کمار ہیگڈے کو مودی نے کیا درکنار

پارلیمانی الیکشن کے دن قریب آتے ہی اننت کمار ہیگڑے نے گمنامی سے نکل کر اپنے حامیوں کے بیچ پہنچتے ہوئے اپنے حق میں ہوا بنانے کے لئے جو دوڑ دھوپ شروع کی تھی اور روز نئے متنازعہ بیانات  کے ساتھ سرخیوں میں بنے رہنے کی جو کوششیں کی تھیں اس پر پانی پھِر گیا اور ہندوتوا کا یہ بے لگام ...

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر ...

ٹمکورو میں جلی ہوئی لاشوں کا معاملہ - خزانے کے چکر میں گنوائی تھی  تین لوگوں نے جان

ٹمکورو میں جلی ہوئی کار کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جو لاشیں ملی تھیں، اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات سے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ خزانے میں ملا ہوا سونا سستے داموں پر خریدنے کے چکر میں ان تینوں نے پچاس لاکھ روپوں کے ساتھ اپنی بھی جانیں گنوائی تھیں ۔