انکولہ : ہائی وے کے کنارے اجنبی شخص کی لاش دستیاب۔ قتل ہے یا حادثہ؟ پولیس شش وپنج میں!
انکولہ 25؍اپریل (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 63پر ہونلّی کے قریب ایک اجنبی نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے دیکھنے پر بظاہر یہ ایک قتل کی واردات محسوس ہوتی ہے۔
شبہ کیا جارہا ہے کہ یہ واردات صبح سات بجے کے قریب پیش آئی ہے ، جس میں مذکورہ نوجوان کے سر پر سخت چوٹ لگنے سے بہت زیادہ خون بہہ گیا اور وہ موت کا شکار ہوگیا ہے۔اس کی شناخت جاننے کے لئے لاش کا فوٹو پولیس نے دیگر تمام پولیس اسٹیشنوں کو روانہ کیا ہے۔ تاحال کہیں سے بھی اس کے تعلق سے کوئی معلومات پولیس کو نہیں ملی ہے۔
ہلاک ہونے والے نوجوان کے بدن پر نیلے رنگ کی جینس پتلون ،بھورے رنگ شرٹ، لال رنگ کا بنیان موجود ہے۔ اس لاش کے بارے میں پولیس کو یہ بھی شک ہے کہ کہیں یہ ہٹ اینڈ رن کا معاملہ نہ ہو یا پھر اچانک سڑک پر گرنے سے اس کے سر پر شدید چوٹ آئی ہو۔مگر چونکہ یہ کوئی مقامی شخص نہیں ہے ، اس لئے اس بات کی گنجائش بھی زیادہ ہے کہ کسی دوسری جگہ یاچلتی گاڑی میں اس کا قتل کرکے یہاں پھینک دیا گیا ہو۔بہر حال پولیس پہلے اس شخص کی شناخت جاننے کی کوشش کررہی ہے تاکہ اس کی موت کے معمے کو حل کرنے میں آسانی ہوجائے۔
پولیس سرکل انسپکٹر پرمود کمار اور عملے نے موقعۂ واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔لاش کو سرکاری اسپتال کے مردہ گھر میں منتقل کرنے کے ساتھ انکولہ پولیس اسٹیشن میں غیر فطری موت کا معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔