بھٹکل میونسپالٹی عمارت پر پتھرائو کے معاملے میں بی جے پی کارکنوں کی گرفتاری پر ناراضگی؛ کل سنیچر صبح نکالی جائے گی ریلی
بھٹکل 22/ ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹائون میونسپالٹی عمارت پر پتھرائو اور توڑپھوڑ کے معاملے میں بی جے پی کارکنوں اور لیڈروں کی گرفتاری پر ناراض بھٹکل بی جے پی نے کل سنیچر کو شرالی سے بھٹکل تحصیلدار دفتر تک ایک خاموش احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کل صبح دس بجے شرالی بی جے پی آفس سے بھٹکل تحصیلدار آفس تک پیدل ریلی نکالی جائے گی جس میں ضلع اُترکنڑا کے بی جے پی لیڈران سمیت ریاست سے بھی بی جے پی کے لیڈران شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ بھٹکل میں میونسپالٹی عمارت پر پتھرائو کے بعد پولس نے اب تک 15 لوگوں کو گرفتار کیا تھا، جس میں 11 ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں، البتہ ان گرفتاریوں پر بی جے پی میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ، جس کے نتیجے میں ضلع اُترکنڑا کے مختلف تعلقوں میں بی جے پی کی جانب سے احتجاج کئے جارہے ہیں اور معاملے کو اخباری بیانات کے ذریعے ہندو۔مسلم فرقہ وارانہ تشدد کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ انکولہ، کمٹہ، ہوناور ، منڈگوڈ سمیت دیگر علاقوں میں اعلیٰ آفسران کو میمورنڈم پیش کئے گئے ہیں، جبکہ سرسی میں مرکزی وزیر آننت کمار ہیگڈے اور سرسی رکن اسمبلی ویشویشور ہیگڈے کاگیری کی جانب سے بھی پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کو غلط ٹہرایا گیا ہے۔