بی جے پی قومی مجلس عاملہ کا اجلاس 25 ستمبر کو
نئی دہلی،22؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی 25 ستمبر کو پارٹی کی قومی مجلس عاملہ میں اگلے لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی کا تانا بانا بنے گی۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ابھی ڈیڑھ سال بچا ہے لیکن بی جے پی کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ہے۔ لہذا تمام ممبران پارلیمنٹ، تمام ممبران اسمبلی اور کونسلر کے ساتھ صوبہ یونٹس کے صدور سمیت 2000 لیڈروں کو اس میں شامل ہونے کے لئے بلایا گیا ہے۔
بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران سیاسی تجویز پیش کی جائے گی جس میں روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ سیاسی تجویز تیار کرنے کی ذمہ داری رام مادھو اور ونے سہسربددھے کو سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک اقتصادی تجویز بھی پیش کی جا سکتی ہے جس میں جی ایس ٹی سے آئی اقتصادی تبدیلی اور نوٹ بندی کی وجہ سے بدلے حالات کا ذکر ہو سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر حکومت کے موقف کی کچھ اپوزیشن جماعتوں سمیت ایک طبقہ تنقید کر رہا ہے۔ دوسری جانب جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کے معاملے پر بھی حکومت، کانگریس سمیت کچھ اپوزیشن جماعتوں کے نشانے پر ہے۔