دہلی اسمبلی سے وجیندر گپتا سمیت 4 بی جے پی ممبران اسمبلی کو مارشل نے باہر نکالا
نئی دہلی 16 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی اسمبلی میں جمعہ کو بجٹ سیشن کے پہلے دن لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کے خطاب سے پہلے احتجاج کر رہے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چار ممبران اسمبلی کو مارشل نے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ ان ممبران اسمبلی میں ایوان میں حزب اختلاف کے رہنما وجیندر گپتا بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ صرف منتخب ہوئے اراکین کو ہی ایوان کے اندر رہنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔انہوں نے ایوان میں موجود عام آدمی پارٹی کے نااہل رکن اسمبلی اور دہلی وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت کے تناظر میں یہ بات کہی تھی ۔ جنوری میں صدررام ناتھ کووند نے فائدہ کے عہدے کے الزامات کے پیش نظر گہلوت سمیت عام آدمی پارٹی کے 20 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار کرنے کی الیکشن کمیشن کی سفارش کو منظوری دے دی تھی۔