بھٹکل 8/ مئی (ایس او نیوز) یہاں بدریہ کالونی میں ایک اسکوٹر کو نذر آتش کردیا گیا، جس کے تعلق سے خبرملی ہے کہ قریب 25 بائک پر سوار کچھ نوجوانوں نے اسکوٹر پر سوار شخص کا پیچھا کرتے ہوئے بدریہ کالونی کے آخری سرے تک آگئے، جب اسکوٹر سوار اپنی اسکوٹر کو چھوڑ کر جنگل کی طرف بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تو متعلقہ نوجوانوں نے اُس کی اسکوٹر کو ہی نذر آتش کردیا۔ واقعے میں اسکوٹر کو کافی زیادہ نقصان ہوا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق متعلقہ اسکوٹر عبدالرحمن نامی نوجوان چلارہا تھا جس کے تعلق سے بتایا جارہا ہے کہ اُسی نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ سنیچر کی دوپہر کو ایک رکشہ ڈرائیور اشرف ابراہیم پر حملہ کرتے ہوئے اُسے بری طرح زودوکوب کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اُڈپی میں رکشہ ڈرائیور اشرف کا ناک کا ایک آپریشن ہوچکا ہے، جس کے بعد اُس کے گلے میں بھی بری طرح چوٹ لگنے کی بات معلوم ہوئی ہے۔ خبر ملی ہے کہ اشرف کی حالت ہنوز نازک بنی ہوئی ہے، مگر اس تعلق سے پولس نے 24 گھنٹے گذرنے کے بائوجود اشرف پر حملہ کرنے والوںکے خلاف مبینہ طور پر کوئی کاروائی نہ کرنے پر ناراض کچھ لوگوں نے اتوار رات کو عبدالرحمن کو اسکوٹر پر بدریہ کالونی جاتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد اُس کا پیچھا کیا، مگر کافی دوڑ دھوپ کے بعد بھی وہ ہاتھ نہیں لگا تو ناراض نوجوانوں نے اُس کی اسکوٹر پر اپنا غصہ اُتارتے ہوئےاسکوٹر کو ہی آگ لگادی۔
بتایا گیا ہے کہ پولس عبدالرحمن اور اُس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے تین مرتبہ بدریہ کالونی پہنچی تھی اور پاس پڑوس کے لوگوں سے بھی معلومات جمع کررہی تھی، مگر اُس کا کہیں کوئی پتہ نہیں چلا تھا، ایسے میں ناراض نوجوانوں کو کسی نے خبر دی کہ عبدالرحمن ایک اسکوٹر پر سوار بدریہ کالونی میں داخل ہورہا ہے، اطلاع ملتے ہی کافی نوجوان بائک پر سوار بدریہ کالونی میں گھس گئے اور عبدالرحمن کو پکڑنے کی کوشش کی، مگر وہ ہاتھ نہیں لگا۔
ایسے میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے کچھ ذمہ داران نے بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر سریش نائک سے ملاقات کی اور اُنہیں آگاہ کیا کہ لوگوں میں اس طرح کی خبریں پھیل رہی ہیں کہ پولس کے کچھ اہلکار عبدالرحمن اور اُن کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے سے کترارہی ہے اور اُسے عدالت سے پیشگی ضمانت حاصل کرنے کا موقع فراہم کررہی ہے، انہوں نے سرکل پولس انسپکٹر کو بتایا کہ اسی بات پر ناراض کچھ لوگوں نے عبدالرحمن کی اسکوٹر کا پیچھا کیا تھا، البتہ اسکوٹر کو نذر آتش کن لوگوں نے کیا تھا، اُس کی اُنہیں کوئی جانکاری نہیں ہے۔