بھٹکل کا ایک نوجوان شیرور میں ہوئے سڑک حادثہ میں جاں بحق؛ دوسرا شدید زخمی ۔۔۔(آپڈیٹ نیوز)
بھٹکل 12/مارچ (ایس او نیوز) پڑوسی علاقہ شیرور میں ہوئے ایک سڑک حادثہ میں بھٹکل چوتنی کا ایک نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ بائک کی پچھلی سیٹ پرسوار دوسرا نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
مرنے والے کی شناخت بھٹکل چوتنی کے عبدالرقیب ابن عبدالطیف بیری (25) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت ابومحمد ابن محمد خالد (22) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ رات کو بیندور میں منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ میں میچ کھیلنے کے لئے گئے تھے، رات قریب بارہ بجے سے بیندور سے بھٹکل کے لئے روانہ ہوئے تھے، مگر آج صبح راہ گذرتی ایک خاتون نے بریج سے کچھ فاصلے پر واقع کھائی کے نیچے ان کو بائک سمیت گرا ہوا پاکر لوگوں کو جمع کیا، اس دوران خبر ملتے ہی بھٹکل موگلی ہونڈا کے سماجی کارکن ابوبکر دامدا اور چوتنی کے سماجی کارکن امتیاز حیدر موقع پر پہنچے اور نوجوان کی شناخت کرکے گھروالوں کو حادثے کی جانکاری دی۔
واقعے کی جانکاری ملتے ہی بیندور پولس موقع پر پہنچی ، جبکہ امتیاز نے ابو محمد کو اسپتال روانہ کرنے کے ساتھ ساتھ پولس کی مدد سے ضروری کاروائیوں کے بعد میت کو بیندور اسپتال منتقل کیا۔
بتایا گیا ہے کہ عبدالرقیب کے سر پر گہری چوٹ کا نشان ہے، جس سے شبہ ہے کہ اس کے سرپر سے کسی سواری کا پہیہ گذرا ہوگا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی ہے، البتہ دوسرا نوجوان ابومحمد قریب میں ہی گرا ہوا تھا۔ یہ دونوں چوتنی کی سیدنا اسماعیل مسجد کے قریب کے رہنے والے ہیں۔
بیندور پولس اس بات کی چھان بین کررہی ہے کہ آیا بائک کو ٹکر دے کر کوئی سواری فرار ہوئی ہے، یا پھر شیرور نیشنل ہائی وے کے موڑ پر ان کی بائک بے قابو ہوکر نیچے گری ہے اور نیچے گرنے سے سر پر چوٹ لگی ہے۔
زخمی ابومحمد کو پہلے کنداپور اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں سے زائد علاج کے لئے اُڈپی ادرش اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
عبدالرقیب کی میت بیندور سرکاری اسپتال منتقل کی گئی ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد شام چار بجے تک میت کو گھروالوں کے حوالے کئے جانے کی توقع ہے۔