بہارمیں بس ڈرائیور اور بس عملہ نے مسافر خاتون کے ساتھ کی اجتماعی عصمت دری
حاجی پور،22؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ملک میں جہاں ایک نئے بھارت کا خواب دیکھا جا رہا ہے ، خواتین کے تحفظ کیلئے نئے نئے نعرے لگائے جا رہے ہیں ،نئی نئی عبارت لکھی جا رہی ہے اور ہمارے ملک کے بر سراقتدار لیڈران عوام کو ’’ اتم بھارت ‘‘ کے سبز باغ دکھلا رہے ہیں اور جس بہار کو بھاجپا کے اتحاد سے ’جنگل راج ‘ سے نجات دلائی گئی ہے اسی بہار کے پٹنہ سے محض 30کیلو میٹر دور حاجی پورمیں نئے بہار کی منحوس تصویر دیکھنے کو ملی جہاں بس میں سوار ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر بس ڈرائیور نے اپنے دیگر بس معاونین کے ساتھ مل کر اجتماعی جنسی زیادتی کی ۔یہ واقعہ حاجی پور میں شہری تھانہ حلقہ کے تحت کیلا بازار باندھ پر پیش آیا ، متاثرہ خاتون بس کے ذریعہ پٹنہ جا رہی تھی ۔ حاجی پور ر ریلوے اسٹیشن پولیس سربراہ عمران عالم نے اس دلدوز واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ خاتون کے ساتھ اس وقت ہوا جب وہ گاڑی پر سوار ہو کر پٹنہ جا رہی تھی ۔ بس ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور مفرور دیگر افراد کی تلاشی چل رہی ہے اور اس کے لئے جگہ جگہ چھاپہ ماری کی جا رہی ہے ۔