ساحلی کرناٹک کے بعض حصوں میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ زبردست بارش؛ پتور اور سداپور میں بجلی گرنے سے ایک ایک شخص کی موت، کئی زخمی
بھٹکل19/مارچ (ایس او نیوز) اتوار شام سے پیر شام تک ساحلی کرناٹک کے بیشتر حصوں میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ بھاری بارش اور گرجدار آوازوں کے ساتھ بجلیاں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں ضلع جنوبی کینرا کے پُتور میں ایک شخص اور ضلع اُترکنڑا کے سداپور میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی ہیں۔سداپور میں بجلی گرنے سے ایک جانور بھی ہلاک ہوگیا، جبکہ دونوں علاقوں میں بعض لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ بے موسم برسات سے کئی علاقوں میں لاکھوں مالیت کا نقصان ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔
پتور سے ملی اطلاع کے مطابق دھننجے نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ سداپور میں ساوتری نائک نامی خاتون پر بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئی۔ سداپور میں ایک بھینس بھی بجلی کی بھینٹ چڑھ گیا، جبکہ یہاں ساوتری نائک کا شوہر سریش نائک بری طرح زخمی ہوگیا، جسے مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔سداپور میں یہ واردات اوورگُپّا نامی مقام پر پیش آئی جب شوہر اور بیوی دونوں ایک صحن میں کام کررہے تھے۔
اوورگُپا علاقہ میں مزدوری کرنے والے دو دیگر لوگ بھی بجلی گرنے سے شدید زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت ریونّا بنگاریا نائک اور مہابلیشور گوریا نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پُتور میں طوفانی ہواوں کے ساتھ بجلیاں گرنے سے گیتا اور ڈوڈّپا شدید زخمی ہوگئے ہیں، دونوں کو پتور کے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بے موسم بارش سے کئی علاقوں میں نقصانات ہونے کی اطلاعات ہیں۔