بھٹکل میونسپالٹی عمارت پر پتھراؤ کا معاملہ : ضمانت کے شرائط کی خلاف ورزی کرنے والے چھ ملزمان دوبارہ گرفتار
بھٹکل:01؍فروری (ایس او نیوز) گزشتہ برس 2017 میں بھٹکل میونسپالٹی عمارت پرزبردست پتھراؤ کے بعد عمارت کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں بھٹکل پولس نے جن لوگوں کو گرفتار کرکے معاملات درج کئے تھے، وہ سبھی لوگ بعد میں ضمانت پر رہا ہوگئے تھے، مگر اب اُن میں سے چھ لوگوں کو ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے اور اُنہیں بھٹکل کی عدالت میں پیش کرنے دوبارہ عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
دوبارہ عدالتی تحویل میں لئے گئے ملزموں کی شناخت کمار نائک، تلسی داس نائک، سدھاکر، راگھو، شیوراج اور شری نواس نائک کے طورپر کی گئی ہے۔ متعلقہ ملزمان کو بھٹکل بلدیہ دفتر پر ہوئے پتھراؤ معاملے میں شرائط کے ساتھ ضمانت پر رہا کیاگیا تھا، عدالت میں ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی کو لےکر جمعرات 31جنوری کو سنوائی ہوئی۔ عدالت میں ملزمان کی موجودگی میں منصف نے ضمانت رد کئے جانےکا فیصلہ صادر کیا جس کے فوری بعد پولس نے ملزموں کو دوبارہ اپنی تحویل میں لے کر کاروار جیل بھیج دیا۔