بھٹکل:17/ستمبر (ایس اؤنیوز)جمعرات کو ضلعی انتظامیہ ، بلدیہ کے اشتراک سے ہائی کورٹ حکم نامے کے تحت بلدیہ دکانوں کو خالی کرانے کے دوران خود سوزی کے واقعات کے بعد بھڑکے عوامی احتجاج کے دوران بلدیہ دفترپر پتھراؤمعاملے کو لے کر آج یعنی اتوار کو پولس نے کل 7ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔
پولس کے ذریعے گرفتارکئے گئے ملزمان کی شناخت ہنومان نگر کے ایشور درگپانائک(32)، ماستپادرگپا نائک (32)، کنڈلیکوڈوکے شنکر وینکٹ رمن نائک ،آسارکیری کے راجیش ناگپا نائک(42)، جوگی منے منڈلی کے دیانند مادیو دیواڑیگا، داسی منے مٹھلی کے شیکھر سومیا نائک(29)، کنڈے کوڈلو کے جناردھن وینکٹ رمن نائک(37) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ تمام ملزموں کو عدالت میں منصف کے سامنے پیش کئے جانے کے بعد انہیں 15دنوں کے لئے عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔
ملزمان کے خلا ف دفعہ 143، 147،148 ،427 ،149 کے تحت معاملات درج کئے گئےہیں۔
بتایا گیا ہے کہ میونسپالٹی عمارت پرپتھراؤ ، پولس عملہ پر حملہ اور دھمکی وغیرہ معاملات کو پولس سنجیدگی سے لیتے ہوئے پتھراؤ اور احتجاج کے وڈیو کلپس پر نگاہ جمائی ہوئی ہے اور اس کی بنیاد پر مزید ملزموں کا پتہ لگانے میں مشغول ہے۔
پولس نے اس بات کا انتباہ دیا ہے کہ دوبارہ ہنگامہ خیزی ،تشدد یا اشتعال انگیزی کی کارستانیوں کو انجام دیا جاتاہے تو انہیں قانون کے مطابق ہی جواب دیا جائے گا۔ بھٹکل شہری پولس تھانے میں کیس درج کرلینے کے بعد پولس جانچ پڑتال میں مصروف ہے۔