بھٹکل ایس ڈی پی آئی کا ہندو مہا سبھا کے خلاف احتجاج :مہاتما گاندھی کے قتل کے خلاف جشن منانے والوں کو دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ
بھٹکل:2/؍فروری (ایس او نیوز) مہاتما گاندھی جی کےقتل پر جشن منائے جانے کے خلاف سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی ) نے ریاست بھر میں گوڈسے کے پتلے کو پھانسی پر لٹکا کر احتجاج کیا۔ اسی مناسبت سے آج بھٹکل ایس ڈی پی آئی کے عہدیداران اور ممبران نے ’’ گوڈسے کو دوبارہ جنم لینے نہیں دیں گے ‘‘ کے عنوان پر تحصیلدار دفتر کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے کرتوت کی سخت مذمت کی ۔
تحصیلدار دفتر کے سامنے جمع ہوئے ایس ڈی پی آئی کے ممبران سے پارٹی لیڈران نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے پارٹی نے کہاہے کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی شہادت والے دن 30جنوری کو جب ساری دنیا میں گاندھی کے نظریات، پیغام اور ان کے ایثار و قربانی کے تذکرے ہورہے تھے عین اسی دن ملک کی بے عزتی کرنے والی کرتوت کو انجام دینا تشویش ناک ہے۔ پریس ریلیز میں تحریر کیاگیا ہے کہ اترپردیش کے علی گڑھ میں ہندو مہاسبھا کی طرف سے مہاتماگاندھی کی تصویر کو نقلی بندوق کے ذریعے گولی مارکر،آپس میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے گاندھی کے قاتل گوڈسے کی تصویر کو پھول مالا پہنا کر جشن مناتے ہوئے ملک کے پہلے دہشت گردی کے سانحہ کی حمایت کی ہے اور دوبارہ اسی طرح دہشت گردانہ کارروائی کے لئے پس پردہ اعلان کئے جانے کی ایس ڈی پی آئی کرناٹکا سخت مذمت کرتی ہے۔ اور پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس طرح کی کرتوت کرنےو الوں کو دہشت گرد کہتے ہوئے انہیں سزا دیں۔ اس موقع پر ضلعی صدر توفیق بیاری، پی ایف آئی صدر کریم بیاہٹی، عظیم کھومی اوربھٹکل تعلقہ صدر وسیم منیگار سمیت کئی لوگ موجود تھے۔