بھٹکل میں 23 اپریل کو ہوگا رام سینا کا مجوزہ "گھر واپسی پروگرام"؛ 20خاندان کے 50افراد کو دوبارہ ہندو بنانے کا دعویٰ
مینگلور 28؍مارچ (ایس او نیوز) رام سینا کے فاونڈر پرساد اتّاور کے بیان کے مطابق23؍اپریل کو بھٹکل میں رام سینا کی جانب سے ضلعی سطح کا "گھر واپسی پروگرام" منعقد ہوگا، جس میں 20خاندان کے 50سے زیادہ افراد کو دوبارہ ہندو دھرم میں داخل کرلیا جائے گا جنہوں نے مختلف اسباب کے تحت اپنا مذہب تبدیل کرتے ہوئے دوسرا مذہب اختیار کیا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ بھٹکل میں کچھ دن پہلے اس پروگرام کے اعلان کے ساتھ نامدھاری طبقے کے سوامی جی کی تصویر استعمال کرنے پر بھٹکل کے شنکر نائک کے خلاف تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد خبر آئی تھی کہ بغیر اجازت سوامی جی کی تصویر استعمال کرنے پر نامدھاری طبقے کے ذمہ داران کے روبرو اسارکیری مندر میں حاضر ہوکر شنکر نائک نے معافی مانگی تھی۔
پرساد اتّاور کے مطابق اس مجوزہ گھر واپسی پروگرام کے لئے تمام مذہبی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس کے علاوہ قانونی صلاح و مشورے بھی لیے گئے ہیں۔ پروگرام میں بہت سارے سوامی شریک ہونے کی بات بھی انہوں نے کہی ہے۔پرساد کا کہنا ہے کہ یہ ضلعی سطح کا پروگرام ہے اور اس کے طرح کے مزید پروگرام دوسرے اضلاع جیسے منڈیا، میسورو، چترا درگہ اور اڈپی وغیرہ میں بھی منعقد کیے جائیں گے، جس سے لوجہاد اور دیگر اسباب کی وجہ سے اپنا ہندو مذہب چھوڑکر دوسرے مذاہب میں داخل ہونے والوں کو دوبارہ اپنے اصلی مذہب کی طرف پلٹ آنے کی راہیں ہموار کی جائیں گی۔گھر واپس آنے والوں کو آئندہ زندگی کی منصوبہ بندی کے لئے مناسب امداد بھی دی جائے گی۔